شوپیاں میں پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج؛خواتین نے خالی برتن لیکر ڈی سی آفس سڑک پر دھرنا دیا

سرینگر/ 21جولائی: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے سڑک پر نکل کر محکمہ آب رسانی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان گرمی کے ایام میں پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے ۔ احتجاجی خواتین نے ضلع ترقیاتی دفتر کی طرف جانے والی سڑک پر دھرنا دیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کو لیکر شاکساز محلہ اور پنجورہ شوپیاں کی خواتین نے آج ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں کے دفتر کی طرف جانے والی سڑخ پر دھرنا دیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے ۔ خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کی شکار ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ جات اور دیگر افسران کےساتھ ساتھ سیاسی لیڈران نے گزشتہ تیس برسوں سے علاقہ کے لوگوں کو صرف وعدے دئے لیکن پینے کا پانی نہیں دیا ۔ احتجاجی خواتین نے اس ضمن میں ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ ا س ضمن میں مداخلت کرکے مذکورہ علاقہ جات کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں رول اداکریں ۔

Comments are closed.