آکسفورڈ یونیورسٹی میں کرونا ویکسین کے حوالے سے اہم پیش رفت

ویکسین کامیاب ثابت ہو گئی تو ستمبر کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی

سرینگر/16جولائی: برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کرونا وائرس کی متوقع ویکسین کی تحقیق کے سلسلے میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا گیا ہے۔اس بات کا انتظار کیا جا رہا ہے کہ یونیورسٹی کرونا کی ویکسین کے حوالے سے اپنے ابتدائی تجربات کے نتائج سائنسی جریدے "لینسیٹ” میں شائع کرے گی۔ ان نتائج کے حوالے سے یہ مصدقہ معلومات سامنے آئی ہیں کہ مذکورہ ویکسین ایسی اینٹی باڈیز اور T – Cells پیدا کرنے میں کامیاب رہی ہے جو کرونا وائرس کے خلاف مزاحمت کر سکیں۔اگر آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین کامیاب ثابت ہو گئی تو یہ رواں سال ستمبر کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق لینسیٹ طبی جریدے نے بدھ کے روز بتایا کہ وہ آئندہ پیر کے روز مذکورہ ویکسین کے پہلے مرحلے کے تجربات سے متعلق معلومات جاری کرے گا۔ کوویڈ 19 کی یہ ویکسین برطانوی حکومت اور AstraZeneca کمپنی کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔دنیا بھر میں 100 سے زیادہ کمپنیاں اور محققین کی ٹیمیں کوویڈ – 19 کا مقابلہ کرنے کے لیے ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ ان میں اس وقت کم از کم 17 ویکسینز ایسی ہیں جن کے مؤثر ہونے کی جانچ کے لیے انسانوں پر ان کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔دسمبر 2019 میں چین میں نمودار ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب 579938 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ سرکاری طور پر 196 ممالک اور ریجنز میں اب تک 1.3407 کروڑ مصدقہ کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ ان میں کم از کم 7264600 متاثرین صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Comments are closed.