راجوری میں کنٹرول لائن کے قریب حادثاتی دھماکہ ،آفیسر سمیت چار فوجی اہلکار زخمی

راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ حادثاتی بارودی سرنگ دھماکے میں ایک افسر سمیت چار فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ کنٹرول لائن کے ساتھ ایک آگے کے علاقے میں ہوا جب آپریشنل سرگرمی کے دوران غلطی سے بارودی سرنگ پھٹ گئی جس سے چار فوجی زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر علاقے سے نکال کر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زخموں کی نوعیت کی وجہ سے چاروں کو بعد میں خصوصی علاج کیلئے ادھم پور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں ایک فوجی افسر اور تین فوجی شامل ہیں۔ ان کی حالت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ حادثاتی نوعیت کا تھا۔دھماکے کے بعد علاقے میں تعینات فوجی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی جس کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں آگے کی جگہ سے نکال لیا گیا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے ا س کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہو گئے جن کا علاج جاری ہے ۔

Comments are closed.