گوسو پلوامہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح جھڑپ ، ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق
طرفین کے مابین گولی باری میں دو فوجی اور پولیس اہلکار زخمی ، علاقے میں تلاشی آپریشن جاری
جھڑپ کے مقام پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں ، پلوامہ میں انٹر نیٹ خدمات بند
سرینگر/07جولائی/سی این آئی// وادی کے شمال و جنوب میں جنگجو مخالف کارورائیوں میں تیز ی کے بیچ جنوبی ضلع پلوامہ کے گوسو علاقے میں اعلیٰ الصبح فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ طرفین کے مابین گولیوںکے تبادلے میں دو فوجی سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے ۔ ادھر جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع پلوامہ میں انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی جبکہ جھڑپ کے مقام پر نوجوانوں اور فورسز کے درمیان پُر تشدد جھڑپیںبھی ہوئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں ایک عدم شناخت جنگجو ہلاک ہو گیا جبکہ دو فوجی اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔ سی این آئی کے مطابق پلوامہ کے گوسو گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد منگل کی اعلیٰ صبح فوج کے 55 آرآر،سی آر پی ایف اور پولیس نے مشتر کہ طور پر اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب فوج و فورسز اہلکاروں نے اس مکان کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی جس میں جنگجوئوں چھپے بیٹھے تھے تو مکان میںموجود جنگجوئوںنے فرار ہونے کی کوشش میں اندھا دھند گولیاں برسائی ۔ گولیوں کی گن گرج کے ساتھ ہی علاقے کے لوگ گھروں میں سہم کر دہ گئے جبکہ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے علاقے کا محاصرہ تنگ کر دیا اور فوج و فورسز کی مزید کمک طلب کر لی گئی جس کے ساتھ ہی پورے علاقے کو سیل کرکے جنگجوئوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی گولی باری میں ہی دو فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جن کو علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر کے 92بیس فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ جبکہ علاقے میں کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی دو بدو جھڑپ کے بعد جو نہی علاقے میںخاموشی چھا گئی تو جھڑپ کے مقام سے ایک عدم شناخت جنگجو کی نعش بر آمد کرلی گئی ۔پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوئوں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم آرائی میںایک عدم شناخت جنگجو ہلاک ہو گیا ہے جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو فوجی سمیت تین فورسز اہلکار زخمی ہو گئے جن کو اسپتال علاج و معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ جھڑپ کی شروعات کے ساتھ ہی جہاں ضلع پلوامہ میںموبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی وہیں جھڑپ کے ساتھ ہی گوسو اور اس کے ملحقہ علاقوں کے نوجوانوںنے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران پولیس نے مشتعل مظاہرین کا تعاقب کیا تاہم انہوں نے پولیس و فورسز پر سنگبازی کی جس کے ساتھ ہی پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی اور پولیس نے مظاپرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑنے کے علاوہ پیلٹ فائرنگ بھی کی۔
Comments are closed.