ویڈیو:اب ترال کے سیمو علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی
انصار غزۃ ہند سے وابستہ دو جنگجو جاں بحق ، اونتی پورہ اور ترال میں انٹر نیٹ خدمات معطل
سرینگر/02جون: جنوبی کشمیر میں جاری خونین تصادم آرائیوں کے بیچ جنوبی قصبہ ترال کے سمیو علاقہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں انصار غزۃ ہند سے وابستہ دو جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی پولیس ڈویژن اونتی پورہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہے ۔ ادھر آئی جی پی کشمیر نے جھڑپ میں دو جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن میں فوج و فورسز کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ۔ سی این آئی کے مطابق سیمو ترال علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصد قہ اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں منگل کی صبح اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میںشدید گولی باری کی ۔علاقے میں جھڑپ کی شروعات کے ساتھ ہی فورسزاہلکاروں کی اضافی کمک طلب کی گئی تاکہ جنگجوئوں فرار ہونے کا موقعہ نہ ملے۔علاقے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کئے گئے اور علاقے کو چاروں طرف سے سخت گھیرے میں رکھا گیا۔جبکہ ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا جس کے بعد اس کے ساتھی نے نزدیکی مکان میں پناہ لی ۔ذرائع کے مطابق منگل اس موقعے پر نزدیک ہی مورچہ زن فورسز اہلکاروں نے بھی اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئے اور جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہواجو کچھ دیر تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ تھم جانے کے ساتھ ہی جھڑپ کے مقام سے فورسز نے دو جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کر لی تاہم ان کی شناخت فوری طور پر نہ ہو سکی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہو گئے جن کی شناخت کرنے کیلئے کارورائی جاری ہے ۔ پولیس کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیموہ ترال میں جو تصادم آج صبح سے جاری تھا اْس میں دوسرا جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی یہ آپریشن ختم ہوگیا۔پولیس کے مطابق یہ تصادم آرائی ضلع پلوامہ میں ترال کے سیموہ گائوں میں پیش آئی جہاں فورسز نے مصدقہ اطلاع کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔گولیوں کے اسی تبادلے کے دوران پہلے ایک اور بعد میں دوسرا جنگجوجاں بحق ہوگیا۔پولیس نے تاہم مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔منگل کی صبح جنگجوئوں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم شروع ہوگیا جس کے فوراً بعد اونتی پورہ اور ترال کے مضافات میں موبائیل انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی۔(سی این آئی )
Comments are closed.