اونتی پورہ میں ابھی تک 214کنال پر پھیلی خشخاش اور بھنگ کی کاشت تباہ

26افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر چار آیف آئی آر درج کئے گئے / ایس ایس پی طاہر سلیم

سرینگر/یکم جون: جنوبی ضلع اونتی پورہ میں خشخاش کی کاشت کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے ابھی تک 214کنال خشخاش اور بھنگ کی کاشت تباہ کرکے 26افراد کی گرفتاری عمل میں لائی اور اس سلسلے میں چار آیف آئی آر درج کر لئے گئے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق اونتی پورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ڈویژن اونتی پورہ میں پولیس نے خشخاش اور بھنگ کی کاشت کے خلاف مہم تیز کر دی ہے اور ابھی تک دو سو سے زائد کنال پر پھیلی خشخاش اور بھنگ کی کاشت کو تباہ کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہم کا آغاز 17مئی کو کیا گیا اور ان 14دنوں میں اونتی پورہ پولیس نے 214کنال خشخاش اور بھنگ کی کاشت تباہ کرکے 26افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں چار کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ طاہر سلیم نے مزید بتایا کہ اس مہم کے تحت اونتی پورہ کے ریشی پورہ ، رینزی پورہ ، کاونی اور ترال کے نئی بوگ ، کھریو کے شار شالی علاقے میں اس کاشت کو تباہ کیا گیا ۔ انہوں نے واضح کرد یا کہ خشخاش اور بھنگ کی کاشت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہو گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا جائے گا ان کے خلاف قانونی کارورائی ہو گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں پولیس کی ٹیم جو ایس ڈی پی او ترال اور ایس ڈی پی او اونتی پورہ کی سربراہی میں کام کر رہی تھی نے مختلف مقامات پر خشخاش کی کاشت تباہ کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی عوام سے یہی گزارش رہے گی کہ وہ خشخاش اور بھنگ کی کاشت سے دور رہے اور جہاں کئی بھی اس کاشت کو پایا جائے اس کو جلا کر تباہ کیا جائے ۔

Comments are closed.