جنگجووں کے خلاف شمالی و جنوبی کشمیر میں فوج و فورسز آپریشن جاری
حالیہ در اندازی کے واقعات کے مدنظر کنٹرول لائن پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ
سرینگر /20 مئی / سی این آئی سرحدوں پر در اندازی کی کوششوں کے بڑھتے واقعات کے مدنظر جنوبی اور شمالی کشمیر میں سرگرم جنگجووں کے خلاف فوج نے بڑے پیمانے پر تلاش آپریشن شروع کیا ہے۔ اس آپریشن میں ایس او جی کے ساتھ ساتھ دوسرے نیم فوجی دستے بھی شامل ہیں۔ کنٹرول لائن کے کئی سیکٹروں میں فوج نے خصوصی تلاش مہم شروع کر دی ہے ۔ اس دوران شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول سے لگنے والے جنگلات میں بھی فوج کا تلاش آپریشن جاری رہا۔سی این آئی کو اس ضمن میں جو تفصیلات ملی ہیں ان کے مطابق جنگجوئوں کے خلاف شمال و جنوب میں فورسز نے جنگجو مخالف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے بڑے پیمانے پر محاصروں اور تلاشی کارورائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ جبکہ حالیہ دنوں میں سرحد پار سے در اندازی کی کوششوں میں ہوئے اضافے کے مدنظر فوج نے تلاش آپریشن شروع کیا ہے ۔اگر چہ جنوبی کشمیر کے اضلاع میں گذشتہ کئی ہفتوں سے جنگجووں کے خلاف کاروائی جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کو اس میں کامیابی بھی ملی جس دوران ایک درجن جنگجووں کو جاںبحق کیا گیا۔ تاہم مقامی نوجوانوں کی جنگجووں کی صفوں میں شامل ہونے سے جنوبی کشمیر میں جنگجووں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو کہ سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے تشویشناک ہے۔اطلاعات کے مطابق اننت ناگ، پلوامہ ، شوپیان اور کولگام کے دیہی علاقوں میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی مسلسل اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز دن رات تلاشی آپریشن اور محاصرے عمل میں لاتے ہیں ۔بدھ کی اعلیٰ صبح بھی فوج و فورسز نے کچھ دیہات میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی جس دوران انہو ں نے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم کسی بھی جگہ سے کوئی گرفتاری عمل میںنہیں لائی گئی اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد کی ۔ جس کے بعد محاصرہ ختم کیا گیا ۔ ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک جنگلات میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکلانے کیلئے فورسز نے خصوصی کمانڈوز کا بھی استعمال کیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے۔فورسز نے پورے جنگلات میں محاصرہ وسیع کر دیا ہے اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ہیں جبکہ آپریشن میں بھی تیزی لائی گئی ۔
Comments are closed.