کولگام کے بعد لورمندا قاضی گنڈ میں مسلح تصادم آرائی ، 3جنگجو جاں بحق

گدر اچھ تل کولگام میں جھڑپ کے مقام سے جنگجو ئوں کے ساتھی کی نعش بر آمد ، جنگجو زخمی حالت میں فرار ، تلاش جاری

قاضی گنڈ جھڑپ میں جاں بحق جنگجو کا غائبانہ نماز جنازہ کاکا پورہ پلوامہ میں ادا، کولگام میں انٹر نیٹ خدمات معطل

سرینگر / 27اپریل / سی این آئی جنوبی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں کے دوران چوتھی مسلح جھڑپ کے دوران لور منڈا قاضی گنڈ میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ ادھر کولگام جھڑپ کے مقام سے محض ایک عدم شناخت نعش بر آمد کر لی گئی ہے جبکہ دیگر جنگجو فورسزکو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق جنگجو سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا ۔جبکہ کولگام کے گدر اچھ تل علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک عدم شناخت نعش بر آمد کر لی گئی ہے ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ قاضی گنڈ جھڑپ میں جاں بحق ایک مقامی جنگجو کا غائبانہ نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ کاکا پورہ پلوامہ میں ادا کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق اچھ تل کولگام علاقے میں مسلح تصادم آرائی کے کچھ ہی گھنٹوں بعد لور منڈا قاضی گنڈ میں بھی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی ہوئی۔ دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قاضی گنڈ کے لور منڈا علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 19آر آر ، ایس او جی اور پولیس نے مشترکہ طور پرمنگل کی اعلیٰ صبح علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقہ اس وقت گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا جب ایک رہائیشی مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ جس کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارورائی کی اور علاقے میں با ضابطہ طور جھڑپ کا آغاز ہو گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے کو پوری طرح سے سیل کر دیا گیا اور فوج کی مزید کمک طلب کی گئی ۔ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر فوج نے علاقے کی طرف جانے والے تمام اہم راستوں کو سیل کر دیا اور ساتھ ہی جنگجوئوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کی گن گرج سے پورا علاقہ لرزاٹھا ۔ اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کچھ وقت تک جاری رہا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں طرفین کے مابین جھڑپ کے بعد جونہی گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو فورسز نے جھڑپ کے مقام پر تین نعشیں بر آمد کی۔ جاں بحق جنگجوئوں کے قبضے سے بھاری مقداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ میں تین جنگجوئوںکی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں جاں بحق جنگجوئوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود ضبط کیا گیا ہے ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی کولگام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کی گئی جبکہ حساس مقاما ت پر سخت ترین بندشیں عائد کی گئی۔ادھر کولگام کے گدرا اچھ تل علاقے میں شبانہ مسلح تصادم آرائی کے دوران جنگجو رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دو جھڑپ میں جنگجو کا معاون ساتھی ہلاک ہو گیا جب کہ دو جنگجو زخمی حالت میں فرار ہوئے جن کی تلاش جاری ہے ۔ خیال رہے کہ اتوار کی رات دیر گئے پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ جھڑپ میں چار جنگجو ہلاک ہو گئے جس کے بعد نعشوں کو بر آمد کرنے کیلئے علاقہ میں رات بھر تلاشی آپریشن جاری رہا تاہم منگل کی اعلیٰ صبح جھڑپ کے مقام سے ایک عدم شناخت نعش بر آمد کی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے محض ایک نعش بر آمد کی گئی جس کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ممکنہ طور پر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر جنگجو فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ہیں ۔ پولیس کی طرف سے ایک ٹویٹ میں آج بتایا گیا کہ ضلع کولگام میں جھڑپ کے مقام سے ابھی تک محض ایک جنگجو کی لاش بر آمد ہوئی ہے۔علاقے میں فورسز کی تلاشی کارروائی جاری تھی۔جاں بحق جنگجو کی شناخت کے بارے پولیس نے کچھ نہیں کہا ہے۔ ادھر پلوامہ سے ملی اطلاعات کے مطابق لورمنڈا قاضی گنڈ میں جاں بحق ایک مقامی جنگجو کا غائبانہ نماز جنازہ کاکا پورہ میں اداکیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈانگر محلہ کاکا پورہ میں لورامنڈا جھڑپ میں ایک مقامی جنگجو آصف احمد ڈار کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی جنہوں نے مہلوک جنگجو کے نماز جنازہ میں شرکت کی تاہم پولیس نے اس معاملے سے متعلق کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ۔

Comments are closed.