رفیع آباد بارہمولہ میں مختصر شوٹ آوٹ ، محض ایک ہفتے سے سرگرم مقامی جنگجو جاں بحق
جنگجو کی ہلاکت کے ساتھ ہی رفیع آباد اور ملحقہ علاقوں میں ہڑتال ، کاروباری ادارے بند
سرینگر/13مارچ: شمالی ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر شوٹ آوٹ میں محض ایک ہفتے سے سرگرم مقامی جنگجو جاں بحق ہو گیا ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور چھپے بیٹھے جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ ادھر مقامی جنگجو کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی رفیع آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہڑتال ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق جنگجوئوں کی نقل و حمل کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج کی32آ ر آر،سی آ رپی ایف92 بٹا لین اور ایس او جی بارہمولہ نے رفیع آباد کے شتلو علاقے میں ناکہ لگایا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ناکے کے دوران جونہی وہاں سے جدید ہتھیاروں سے لیس جنگجو ئوں کو گزر ہو ا تو فورسز پارٹی نے انہیں روکنے کا اشارہ کرکے سرینڈر کرنے کی پیش کی تاہم جنگجو نے اپنے چاروں طرٖف محا صرہ تنگ ہوتے دیکھ ان پر خود کار ہتھیاروں سے فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اس طرح طرفین کے مابین مختصر جھڑپ شروع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں آس پاس کے علاقہ سہم گئے جبکہ لوگ جانوں کو بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگجو اور فورسز کے درمیان کچھ ہی منٹوں تک گولیو ں کا تبادلہ ہوا اور جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو فورسز نے جائے واردات سے ایک جنگجو کی نعش بر آمد کی جس کی شناخت مدثر احمد بٹ ولد ثناو اللہ بٹ ساکنہ شتلو رفیع آباد کے بطور ہوئی ۔ جھڑپ میں مہلوک جنگجو کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محض ایک ہفتے قبل ہی گھر سے لاپتہ ہونے کے بعد عسکری صفوں میں شامل ہو گیا تھا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مختصر شوٹ آوٹ میں ایک مقامی جنگجو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآ مد کیاگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی لوازمات کے بعد اسکی لاش لواحقین کے حوالے کی گئی۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ جونہی جاں بحق جنگجو کی خبر علاقے میں پھیل گئی تو وہاں مکمل ہڑتال ہوئی جبکہ لوگوں کی بھاری تعداد نے مہلوک جنگجو کے آبائی علاقے کا رخ کرکے وہاں ان کے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ ( سی این آئی )
Comments are closed.