نقلی بندوق کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والے منظم گروہ کا پردہ فاش، تین لوٹیرے گرفتار۔نقلی بندوقیں برآمد

سرینگر/ 12 مارچ /کے این ٹی / سرینگر پولیس نے نقلی بندوقوں کی نوک پر سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے لٹیروں سے لوٹا گیا مال مسروقہ برآمد کرنے کے علاوہ ان کی تحویل سے دو نقلی بندوقیں بھی برآمد کرلی ہیں۔جبکہ پولیس گرفتار لٹیروں سے پوچھ گچھ شروع کرکے گروہ میں شامل دیگر افراد کی تلاش بھی بڑے پیمانے پر شروع کردی ہے۔کشمیر نیوز ٹرسٹ کے مطابق سرینگر پولیس نے ضلع میں سرگرم جعلی بندوق برداروں کے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کردیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سرینگر پولیس کو یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ ضلع میں بندوق کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والا ایک گروہ سرگرم ہوا ہے جو شام ہوتے ہی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوکر ان سے موٹی موٹی رقومات کے علاوہ قیمتی چیزوں کا تقاضا کرنے کے عوز ان کی جان بخشنے کی ضمانت فراہم کرتا تھا۔کے این ٹی کے مطابق ان اطلاعات کے بعد ایس ایس پی سرینگر کی ہدایات پر پولیس کی ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے اپنی سراغرسانی کو متحرک کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس تفتیش کے بعد پولیس کو چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے۔ایس ایس پی سرینگر نے اس منظم گروہ کا پردہ فاش کرنے کیلئے ایس ڈی پی او صدر ڈاکٹر اظہر راشد،ایس ایچ اور صدر کو ہدایت جاری کی۔اس دوران پولیس کو کل اس وقت کامیابی ملی جب انہوں نے سرینگر قومی شاہراہ پر بائی پاس کے نزدیک ان تینوں لٹیروں کو دھرودبوچ لیا۔سرکاری ذرائع نے لٹیروں کی شناخت ساحل احمد شاہ ولد محمد اسلم شاہ،جاوید احمد شاہ اور عمران احمد شاہ کے بطور ظاہر کرتے ہوئے ان کی تحویل سے لٹایا گیا مال مسروقہ کی برآمد کرلیا۔ذرائع کے مطابق تینوں کو مزید تفتیش کیلئے انٹراگیشن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔جبکہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی ہے۔

Comments are closed.