جموں و کشمیر بینک کی جانب سے بارہمولہ ضلع کے کئی دیہات میں جانکاری کیمپ

سرینگر/ 9مارچ : اپنی عوامی رابطہ و جانکاری مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر بینک کی جانب سے بارہمولہ ضلع کے کئی دیہاتوں میں مالی جانکاری کیمپوں کا انعقاد کیا گیا۔ جے کے بینک کی واگورہ شاخ نے ان کیمپوں کا انعقاد نیشنل رورل لیو لی ہُڈ مشن (NRLM) اور NABARDکے اشتراک سے کیا جن میں فاینانشل لٹریسی کونسلنگ سینٹر ( FLCC) کے کارڈینیٹر غلام احمد شاہ اور ڈائریکٹر دیہی خود روزگار ٹریننگ انسٹی چیوٹ (RSETI) بارہمولہ منظور احمد شیخ کے علاوہ NRLM ، دیہی ترقی محکمے اور NABARDکے نمائندوں نے شرکت کی۔جے کے بینک برانچ ہیڈ واگورہ نے شرکاء کو سماجی تحفظ اسکیموں جیسے PMJJBY, PMSBY,PMJDYاور اٹل پینشن یوجنا کے بارے میں باخبر کیا اور انہیں ان سرکاری اسکیموں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ انہوں نے پی ایم کسان سے مستفید افراد سے کہا کہ وہ بینک کی کسان کریڈٹ کارڈ اسکیم کا بھر پور فائدہ اُ ٹھائیں۔ دیہی خود روزگار ٹریننگ انسٹی چیوٹ (RSETI) کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ان مرکزوں میںپسماندہ دیہی بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کمانے کیلئے مختلف ہنروں کی تربیت دی جاتی ہے اور انہیں بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے کیلئے بھی آمادہ کیا جا تا ہے تاکہ اس مشن کا مقصد پورا ہوسکے ۔ واضح رہے کہ ان تربیتی اداروں کا قیام سال 2013سے جاری ہے اور یہاں کے ہر خطے اور ہر ضلع میں جموں و کشمیر بینک کےRSETIمراکز قائم ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے اور مختلف بالواسطہ سرکاری اسکیموں کے ذریعے انہیں جے کے بینک سے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ FLCCکارڈینیٹر نے زور دیا کہ بینکوں کے پاس مختلف ایسی اسکیمیں ہیں جن سے عوام بھر پور اٹھاسکتے ہیں اور ساتھ ہی ڈجیٹل لین دین کے ایسے طریقے بھی اپنائے جا سکتے ہیں جو نہایت ہی آسان اور راحت رساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار ی اسپانسرڈ اسکیموں کے ذریعے غریب عوام کو خود کفیل بنایاجاسکتا ہے۔نیشنل رورل لیو لی ہُڈ مشن (NRLM) کے نمائندے نے شرکاء کو یہ جانکاری دیدی کہ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے دیہی خواتین کو بینکوں سے آ سان مالی امداد فراہم کی جارہی ہے جس سے وہ اپنی روزمرہ اخراجات کو پورا کر رہے ہیں۔

Comments are closed.