سرحدی ضلع پونچھ کے کیرنی سکٹر میں سنچر کو پھر ہوئی شدید گولہ باری

سماعت شکن دھماکوں کے نتیجے میں سرحدی آبادی سہم کے رہ گئی

سرینگر/22فروری : سرحدی ضلع پونچھ کے کیرنی سیکٹر میں سنیچروار کو ایک بار پھر ہندوپاک افواج کے مابین شدید گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سرحدی علاقے میں زور دار بم دھماکوں کی آوازوں سے لوگ سہم کے رہ گئے اور سرحدی علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہوا۔ ادھر گذشتہ روز پونچھ میں ہی آر پار گولہ باری سے ایک پاکستانی فوجی ازجا ہوا تھا جبکہ سات رہائشی مکانات تباہ ہوگئے تھے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق گذشتہ روز آر پار گولہ باری کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی کے ہلاک ہونے کے محض چند گھنٹوں بعد ہی ایک بار پھر سنیچروار کو پونچھ کے کیرنی سیکٹر میں آر پار شدید گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سرحدی علاقے میں لوگ خوف و دہشت میں مبتلاء ہوگئے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سنیچر وار کی صبح سے ہی ایک بار پھر آر پار شدید گولہ باری ہوئی اور مورٹار اور دیگر گولے پھٹنے کی سماعت شکن آوازوں کے نتیجے میں لوگ سہم کے رہ گئے ۔ ذرائع نے بتایاکہ آر پار گولہ باری کے نتیجے میں آج بھی کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے جبکہ کیرنی سیکٹر میں کوئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز پونچھ میں آر پار شدید گولہ باری ہوئی اور دونوں ممالک کی افواج نے جدید ترین ہتھیاروں کے علاوہ مورٹار گولوں کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں پونچھ میں کم سے کم ساتھ رہائشی مکانات تباہ ہوگئے جبکہ پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی اہلکار ازجان ہوا ہے جبکہ لیپاوادی کے کیانی سیکٹر میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان بھی پہنچا تھا۔ دریں اثناء بھارتی دفاعی ذرائع نے پاکستانی فوج پر الزام عائد کیا کہ سنچیروار کی صبح پاکستانی فوج نے ایک بار پھر بلا اشتعال گولہ باری کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں فوج نے بھی بھر پور جواب دیکر پاکستانی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناکرگولہ باری کی ۔ ( سی این آئی )

Comments are closed.