موسم نے پھر بدلی کروٹ ،بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں /محکمہ موسمیات
درجہ حرارت میں کمی سے وادی پھر سردی کی لپیٹ میں ، آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں کا امکان
سرینگر/20فروری: موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلتے ہوئے پیر پنچال کے آر پار پہاڑی علاقو ں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بوندا باندی اور موسلا دھار بارشوں سے معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی۔اس دوران جمعہ کی صبح سے موسم میں بہتری آنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ ادھر ہلکی بارشوںکے نتیجے میں وادی کشمیر میں یکا یک موسمی مزاج تبدیل ہوا اور پوری وادی میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے غیر معمولی ٹھنڈ محسوس کی جارہی ہے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا (سی این آئی)کے مطابق محکمہ ٹنل کے آر پار موسمی صورتحال میں ایک بار پھر تبدیلی آتے ہوئے گزشتہ شب سے ہی بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہواجو جمعرات کے بعد دوپہر تک وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔پہاڑی علاقوں سے تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صحت افزاء مقام گلمرگ ، کونگہ ڈوری ، کھلن مرگ، افروٹ پہاڑیوں اور بابا ریشی کے ملحقہ علاقہ جات میں بھی دوران شب برفباری ہوئی۔۔اس دوران سرینگر سمیت بیشتر میدانی علاقوں میںہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے سردی کی شدید لہر دوڑ گئی۔سرینگر میں محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ مغربی ہوائیں ریاست کی فضائیں پر اثر انداز ہوچکی ہیں اور اسی کے نتیجے میں موسم نے کروٹ بدلی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح سے موسم میں تبدیلی آنے کے امکانات ہے محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے ، البتہ لوگوں کو احتیاط سے کام لینا چاہئے۔۔اس دوران میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں یکا یک گراوٹ محسوس کی گئی۔ درجہ حرارت میں آئی گراوٹ سے وادی کشمیر میں غیر معمولی ٹھنڈ محسوس کی جارہی ہے اور لوگ بارشوں سے بچنے کیلئے جہاں چھاتوں اور رین کوٹوں کا استعمال کررہے ہیں وہیں غیر معمولی سرحدی سے بچنے کیلئے لوگوںنے ایک بار پھر گرم ملبوسات زیب تن کرنا شروع کردئیے ہیں۔
Comments are closed.