سالانہ امر ناتھ یاترا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا

سری نگر،13 جون

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز راج بھون سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امرناتھ یاترا 2025 کے لیے سیکورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ 38 روزہ یہ سالانہ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر رکشا بندھن یعنی 9 اگست تک جاری رہے گی۔
اجلاس میں فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران، ڈائریکٹر جنرل پولیس نالین پربھات، چیف سیکرٹری اتل ڈولو، ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری، اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں یاترا کے دوران سیکورٹی انتظامات، لاجسٹک سہولیات، ٹریفک کنٹرول، طبی سہولیات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو ہدایت دی کہ یاترا شروع ہونے سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں اور یاتریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
ایل جی سنہا کو افسران کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ یاترا کے مختلف مراحل پر سیکورٹی اور امدادی دستوں کی تعیناتی، شیلٹر کیمپس، ٹریفک مینجمنٹ، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر یاترا روٹوں پر اضافی کمپنیوں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

Comments are closed.