پونچھ کے شاہ پور سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان گھمسان ، ایک عام شہری ہلاک 5شدید طورپر زخمی

حد متارکہ کے نزدیک رہائش پذیر لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل ، کئی رہائشی مکانات تباہ

سرینگر14 فروری: پاک بھارت افواج کے درمیان پونچھ کے شاہپورسیکٹر میں شدید گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک جبکہ پانچ دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ موٹار شلنگ کے نتیجے میں پونچھ کے رہائشی علاقوں میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے ایک دفعہ پھر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں گولہ باری کی جس دوران ایک عام شہری کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا جارہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق جمعہ کے روز پونچھ کے سرحدی علاقے شاہپور میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ہندوپاک افواج کے درمیان اچانک گولہ باری شروع ہوئی۔ نمائندے کے مطابق اچانک ہوئی گولہ باری کے نتیجے میں لوگوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا جس کے نتیجے میں کئی عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔ نمائندے نے بتایا کہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری ہلاک جبکہ پانچ دیگر شدید طورپر مضروب ہوئے جنہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر تین کی حالت نازک بتائی جارہی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز پاک بھارت افواج کے درمیان اچانک شدید گولہ باری ہوئی جس دوران کئی موٹار شیل پونچھ کے سرحدی علاقے میں زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ موٹار شلنگ سے کئی رہائشی مکانات تباہ ہو ئے جبکہ لوگوں کو فوری طورپر محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا۔ نمائندے نے بتایا کہ گولہ باری کی وجہ سے حد متارکہ کے نزدیک رہائشی پذیر لوگ گھروں میں پھنس کررہ گئے جنہیں فوجی گاڑیوں کے ذریعے باہر نکال کر محفوظ مقامات کی طرف لے جایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا تھا کہ لوگوں نے گھر بار چھوڑکر زیرِ زمین بینکروں میں پناہ حاصل کی۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے جمعہ کے روز ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں بی ایس ایف چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق فوج نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس وجہ سے اُس پار کشمیر میں رینجرس کی کئی چوکیاں تباہ ہوئیں ہیں۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس عسکریت پسندوں کو اس طرف دھکیلنے کی خاطر ہی گولہ باری کر رہے ہیں تاہم حد متارکہ پر تعینات افواج پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی رینجرس نے جمعہ کے روز شدید ترین گولہ باری کی جس دوران جنگوں کے دوران استعمال کئے جانے والی آرٹیلری کے بھی دہانے کھولے گئے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی جانب سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ، اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہیں۔

Comments are closed.