تین دنوں کے دوران بانہال بارہمولہ ریل خدمات دو روز بند

مسافروں میں ناراضگی کی لہر ، محکمہ ریلوئے سے معاملے میں مداخلت کی اپیل

سرینگر/11فروری: محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقعہ پر ہڑتالی کال کے باعث گزشتہ تین روز میں دوسری مرتبہ بانہال بارہمولہ ریل خدمات معطل رہنے کے باعث مسافروں میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی ریل خدمات کی بار بار معطلی کے نتیجے میں محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ سی این آئی کے مطابق محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقعہ پر ہڑتال کی کال پر منگل کو ہڑتال رہی جس کے باعث محکمہ ریلوئے نے منگل کو ایک مرتبہ پھر وادی کشمیر میں ریل خدمات معطل رکھنے کا فیصلہ لیا ۔ اس ضمن میں کشمیر ریل حکام نے بتایا ہے کہ قاضی گنڈ، بانہال ، قاضی گنڈ سرینگر اور بارہمولہ ریل سروس کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ منگل کو ایک مرتبہ پھر ریل خدمات کی معطلی کے ساتھ ہی گزشتہ تین دنوں میں دوسری مرتبہ ریل خدمات بند رہی ۔ ریل خدمات کی بار بار معطلی پر مسافروں نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یا تو ریل خدمات کو معمول کے مطابق جاری رکھا جائے نہ تو اس کو بند ہی کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریل خدمات کی بار بار معطلی کے باعث ان کیلئے درد سر بن چکی ہے ۔جبکہ اچانک ریل خدمات کی معطلی ان کو شدید مشکلات میں دھکیل دیتی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتیہ ریل میں تاریخ میں کشمیر واحد ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر ریلوے خسارے میں چل رہی ہے کیوں کہ یہاں مخدوش حالات کی وجہ سے ریل سروس کو بار بار بند کرنا پڑتا ہے ۔ جس کی وجہ سے ریل حکام کو روزانہ لاکھوں روپے خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ ریل ٹریکوں پر سخت حفاظتی انتظامات ہونے کے باوجود بھی ریل معطل رکھنی پڑتی ہے ۔

Comments are closed.