مسئلہ کشمیر ہند پاک کے درمیا ن بنیادی تنازعہ ،حل کیے بغیر خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا /وزیر اعظم پاکستان

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر یوں کی جد و جہد ضرور کامیاب ہو گئی

سرینگر /05 فروری/سی این آئی: پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری اپنی ہمت، جرات، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے کشمیرمیں تمام غیر قانونی اقدامات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میںپاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت ‘‘مسلح جنگجوئوں کو ہلاک’’ کرنے کے جھوٹے بیانیہ کی آڑ میں اپنی دہشت گردی کو جواز دینے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوا۔ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی مؤقف پر پوری طرح کاربند ہیں ، پوری پاکستانی قوم اس بہادرانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جوکہ وہ اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کیلئے کر رہے ہیں ، ہمیں پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔پاک وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا، جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرات، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا ‘‘یوم یکجہتی کشمیر’’ کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔

Comments are closed.