دیوبندمیں دو کشمیری نوجوان گرفتار، جیش محمد کے ساتھ قریبی روابط ر کھنے کا الزام۔قابل اعتراض مواد برآ مد

سرینگر22فروری /سی این ایس / یو پی دیوبندمیں جمعہ کو جنوبی کشمیر کے دو نوجوانوں کو جیش محمد نامی عسکری تنظیم کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سی این ایس کے مطابق اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبندعلاقے میں جیش محمد سے تعلق ہونے کے شبہ میں ایس ٹی ایف نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ان کی شناخت شہنواز احمد تیلی ساکنہ نون مائے کولگام اور عاقب احمد ملک ساکنہ پلوامہ کے طور ہوئی ہے دونوں کو جمعرات کے روزگرفتار کیا گیا۔ان کے پاس سے تنظیم سے وابستگی کے ویڈیو، تصویریں اور غیر قانونی اسلحے بھی ملے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے دونوں مشتبہ افراد کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ یو پی کے ڈائریکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے دونوں کی گرفتار ی کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں طالب علم بنتے گھوم رہے تھے لیکن اصل میں وہ جیش کیلئے بھرتی کا کام کررہے تھے۔۔سنگھ کے مطابق گرفتار شدگان سے پستول وغیرہ بر آمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ دیوبند میں مقیم تھے اور وہ کسی ادارے میں داخلہ لئے بغیر ہی طالب علم بن کر گھوم رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کے بارے میں خصوصی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور اْن کی پوچھ تاچھ جاری ہے۔ شہنواز احمد تیلی کی والدہ مبینہ نے بتایا کہ وہ بے قصور ہے اور آ ج تک وہ کسی بھی غیرقانونی کاروائی میں ملوث نہیں رہا ہے ۔ انہوں نے یو پی پولیس کے ان تمام الزاما ت کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ مبینہ نے اسکی فوری رہائی کی مانگ کی ہے۔

Comments are closed.