سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4رہا، اگلے چند دنوں میں پھر برفباری کی پیشن گوئی

وادی میںدن کو دھوپ کھلنے کے باوجود شبانہ سردی میں اضافہ

سرینگر/29جنوری: وادی میں دن کو دھوپ کھلنے کے باوجود بھی شبانہ سردی میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق اگلے چند دنوں میں اہلیان وادی کو ایک بار پھر برفباری کا سامناکرنا پڑے گا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں گذشتہ چند روز سے اگرچہ موسم سازگار بنا ہوا ہے تاہم شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں دن کو دھوپ کھلنے کے باوجود شبانہ سردی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے ۔جس کے نتیجے میں جھیل ڈل سمیت دیگر آبی ذخائر منجمد ہوگئے ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی سپلائی کے نل بھی صبح جمے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں لوگوں کو پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ رواں موسم سرماء میں لوگوں کو شدید سردی کا سامنا رہا ہے ۔اور موسم سرماء سے قبل سے تین نومبر کو وادی میں شدید ترین برفباری نے کشمیریوں کو سخت پریشان کیا اور تمام زمینی رابطے کئی دنوں سے منعقطع رہے جبکہ بجلی اور پانی کا نظام بھی درہم برہم ہوکے رہ گیا تھا اس کے بعد ’’40روز پر مشتمل چلہ کلاں‘‘نے بھی سخت تیور دکھاکر لوگوںکی مشکلات میں اضافہ کیا ۔ قریب تین ماہ کے بعد وادی میں اگرچہ گذشتہ چندوں سے دھوپ کھل اُٹھی اور موسم قدرے بہتر ہوگیا تاہم شبانہ سردی میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ وادی میں اگے چند دنوں کے دوران پہاڑی علاقوںمیں بھاری برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری کے ساتھ ساتھ درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ممکن ہے اس دوران سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4درج کیا گیا ہے جبکہ پہلگام میں منفی 13.7سلسیس اور گلمرگ میں شبانہ کم سے کم درجہ حرارت 12.2درج کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ رواں موسم سرماء کو وادی میں کم سے کم9مرتبہ برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی میں سخت اضافہ ہوااور لوگوںکومشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ رواںموسم نے گذشتہ چالیس سالہ ریکارڈ توڑ کر اہلیان وادی کو پریشان کیا اور سب سے پہلے تین نومبر کو بھاری برفباری ہوئی تھی جس کے بعد وقفے وقفے سے تین ماہ کے دوران نو مرتبہ برفباری ہوئی ۔ اس کے ساتھ ساتھ شبانہ درجہ حرارت میں بھی کافی کمی دیکھنے کو ملی اور لگاتار شبانہ درجہ حرارت منفی رہا ۔

Comments are closed.