کانگریس پارٹی اگر اقتدار میں آتی ہے تو کشمیرمعاملے کو ہمیشہ کیلئے سلجھایا جائے گا/موتی لال وورا

سرینگر/23جنوری: انڈین کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال وورا نے کہا کہ مرکز میں اگر کانگریس کی سرکار آئے گی تو کشمیر معاملے کو ہمیشہ کیلئے سلجھایا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال وورا نے کہا ” راہل گاندھی جو بھی کہتے ہیں۔ وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ پرینکا گاندھی کی تقرری اس بات کا اشارہ ہے کہ کانگریس کا مستقبل روشن ہے’۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق انڈین کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال وورا نے آج کشمیر مسئلہ کو حوالے سے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کانگریس کی سرکار پھر مرکز میں آتی ہے تو کشمیر کا معاملہ ’’سدیو‘‘ہمیشہ کیلئے سلجھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اس حوالے سے کئی بار کہا ہے کہ وہ کشمیریوں کا دکھ درد سمجھتے ہیں اور دل سے محسوس کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ راہل گاندھی نے قوم سے آج تک جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے ۔ موتی لال نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ماننا ہے کہ تنازعہ کشمیر باہمی اعتماد سازی کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے اسلئے ایسے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے جس سے ہم کشمیریوں کا بھروسہ جیت سکتے ہیں ۔ انہوںنے اس کی ایک مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سابقہ وزرائے اعظم راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی نے جس طریقے سے کشمیریوں کے دل جیتے تھے اسی طرح ہمیں بھی کام کرنا ہوگا۔ اور کشمیری لوگ ان سے اس قدر محبت کرتے تھے کہ وہ وہاں پر بنا سیکورٹی کے گھومتے پھرتے رہتے تھے ۔ پرینکا گاندھی کی جانب سے کانگریس میں باضابطہ شمولیت کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈرنے کہا کہ راہل گاندھی ایک سلجھے ہوئے سیاست دان ہے اور قوم اس پر بھروسہ کرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ راہل گاندھی نے قوم سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے جس کی مثال پرینکا کی کانگریس میں شمولیت سے ملتی ہے ۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی واڈرا نے رسمی طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کی کمان سونپی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ آئندہ لوک سبھا انتخابات اور پرینکا گاندھی کی مقبولیت کے مد نظر لیا گیا ہے۔ پرینکا فروری کے پہلے ہفتہ میں کام کاج سنبھالیں گی۔اس سلسلے میں پارٹی کے رہنما اور راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں لکھا ہے ‘ کانگریس صدر نے پرینکا گاندھی واڈرا کو مشرقی اترپردیش کی جنرل سکریٹری کے طور پر مقرر کیا ہے۔ وہ فروری کے پہلے ہفتے میں عہدہ سنبھالیں گی’۔کانگریس کی پریس ریلیز کے مطابق ، سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینو گوپال کو پارٹی جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔ وہ کرناٹک کے انچارج بنے رہیں گے۔ وہیں جیوترادتیہ سندھیا کو مغربی یوپی کی کمان سونپی گئی ہے، وہیں غلام نبی آزاد سے یوپی کاچارج واپس لے لیا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر ہریانہ کا چارج دیا گیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال وورا نے کہا ” راہل گاندھی جو بھی کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ پرینکا گاندھی کی تقرری اس بات کا اشارہ ہے کہ کانگریس کا مستقبل روشن ہے’۔

Comments are closed.