سوپور میں شبانہ نقب زنی ،لاکھوںروپے مالیت کے سامان پر ہاتھ صاف

قصبہ میں آئے روز چوری کی وارداتوںپر مقامی لوگوںنے کا تشویش کااظہار

سرینگر/15جنوری: شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نقب زنوں نے چھوٹا بازار میں دو دکانات میںنقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کا سازوں سامان اُڑالیا ۔ قصبہ میں چوری کی بڑھتی وارداتوںپر مقامی لوگوں اور تاجروںنے سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی چوری کی کارروائیوں پر فوری روک لگائی جائے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں پے در پے نقب زنی کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ دو دنوں کے اندر نقب زنوں نے تین دوکانات کا صفایا کیا۔گزشتہ شب کے دوران نقب زنوں نے دو دوکانات کو لوٹ کر لاکھوں روپے مالیت کا ہوزری سامان اور دیگر قیمتی چیزیں اڑا لیے۔ یہاں کے چھوٹا بازار میں دوکانداروں نصیر احمد غازی اور حاجی منظور احمد میر نے بتایا ہے کہ منگل کی صبح جب وہ دوکان کھولنے کے لئے پہنچے تو انہوں نے اپنے دوکانات کے شٹر پھوڑ تے ہوئے پائے اور دوکانات میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان غائب پائے۔اس سلسلے میں پولیس کی ایک ٹیم موقع واردات پر پہنچی اور کیس درج کر لیا۔قصبہ میں چوری کی بڑھتی وارداتوںپر مقامی لوگوںاور تاجروں نے سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصبہ میں چوری کی وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے جس پر قابو پانے کیلئے پولیس کو سخت اقدامات اُٹھانے چاہئے ۔ لوگوںنے کہا کہ نقب زنی کی بڑھتی وارداتوں کی وجہ سے لوگوں کی نیندیں اُڑ گئیں ہیں انہوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ چوری کی وارداتوں میں ملوث افراد کا شکنجہ کسنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔

Comments are closed.