ماکن کا دہلی پردیش کانگریس صدر کے عہدہ سے استعفی

نئی دہلی، 4 جنوری : دہلی پردیش کانگریس کے صدر اجے ماکن نے اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا ہے۔
مسٹر ماکن نے جمعہ کی صبح ٹویٹ کرکے کانگریس صدر راہل گاندھی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا’’2015 اسمبلی انتخابات کے بعد سے ہی انہیں دہلی کے تمام لیڈروں کا تعاون ملا، مشکل حالات میں یہ آسان نہیں تھا.اس کے لئے دل سے شکریہ ادا!‘‘۔
انہوں نے پارٹی صدر راہل گاندھی کو اپنا استعفی سونپ دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مسٹر ماکن نے جمعرات کو دہلی کے انچارج پی سی چاکو کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ مسٹر اجے ماکن نے استعفی کی وجہ اپنی صحت بتائی ہے۔
قابل غور ہے کہ مسٹر ماکن کی صحت گزشتہ کافی عرصے سے خراب چل رہی تھی۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ان کے استعفی کی خبریں آئی تھیں، تاہم بعد میں انہوں نے اس کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ علاج کرا رہے ہیں. اب ایک بار پھر انہوں نے اس بارے میں ٹویٹ کیا۔
دہلی کی سیاست میں ان دنوں اچانک ہلچل بڑھ گئی ہے اور لوک سبھا انتخابات سے پہلے اس قسم کی قیاس آرائی کی جا رہی تھیں کہ دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی ہاتھ ملا سکتے ہیں۔ مسٹر ماکن’ آپ‘ کے ساتھ دہلی میں اتحاد کے حق میں نہیں تھے اور ان کے استعفی کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان معاہدہ ہونے کے قیاس لگائے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.