وادی میں ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے /بشیر احمد راتھر
سرینگر/17دسمبر/سی این آئی/ مشتر کہ مزاحمتی قیادت کی کال کو لبیک کہتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینیفکچرس فیڈریشن نے صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے شہری ہلاکتوں کو فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا۔سی این آئی کے مطابق کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینیفکچرس فیڈریشن نے بشیر احمد راتھر کی قیادت میں ٹریڈرس نے سرینگر میں احتجاج کیا ۔ اسی دوران بشیر احمد راتھر نے ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ وادی میں ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کی بیشتر لیڈر شپ پابند سلاسل ہے جس کی وجہ سے وہ بادامی باغ کی طرف مارش کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔انہوںنے کہا کہ سرینگر، لدھو،چاڈرہ،سریگفورہ،نادی ہل،مشی پورہ،اور جنگلات منڈی کے زخموں سے ابھی لہو ہی ٹپک رہا تھا کہ پلوامہ کو پھر ایک بار لہولہان کیا گیا،اور ایک دن میں7شہریوں کو ابدی نیند سلا دیا گیا،جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انسانی جانوں کی اب کوئی قیمت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں موجودہ صورتحال بہت ہی نازک ہے اور ایسی ہلاکتوں کی وجہ سے ریاست کی صورتحال مخدوش ہو تی جارہی ہے ۔انہوں نے موجودہ صورتحال کو غلط پالسیوں کا نتیجہ قرار دیتے مرکز اور ریاستی حکومت کے پاس کشمیر پالیسی کے حوالے سے کوئی مثبت لایحہ عمل نہیں ہے جس کے نتیجے میں پوری ریاست میں افرا تفری کا ماحول بپاء ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کے نہ تھمنے والے سلسلے سے ریاستی عوام سخت مایوسی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام کا بھروسہ مر کزی حکومت اور ریاستی سیاست دانوں و انتظامیہ پر سے اٹھ گیا ہے اور اگر حالت کا فوری طور پر تدارک نہیں کیا گیا تو اس کے بھانک نتائج بھگتنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر اگر فوری طور پر قابو نہیں پایا گیا اور شہری ہلاکتوں کے چکر کو نہ روکا گیا تو عوام کو سڑکوں پر نکلنے کیلئے اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
Comments are closed.