شہری ہلاکتوں کے خلاف مجوزہ احتجاج پر پولیس کی روک

کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار اور نائب چیئرمن اعجاز احمد شہدار گرفتار
سرینگر/06دسمبر/سی این آئی/ پولیس نے کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار اور نائب چیئرمن اعجاز احمد شہدار کو اس وقت لالچوک کت گھنٹہ گھر کے نزدیک حراست میں لیکر تھانہ کوٹھی باغ پہنچایا،جب وہ انسانی حقوق کی پامالیوں اور شہری ہلاکتوں کے خلاف مجوزہ احتجاج میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔دونوں لیڈراں جمعرات صبح کو جب دیگر ساتھیوں سمیت گھنٹہ گھر کے نزدیک ہی تھی،تو پولیس کی ایک جمعیت وہاں پر نمودار ہوئی اور ڈار اور شہدار کو حراست میں لیا۔سی این آئی کے مطابق کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈارنے اس دوران شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ وادی میں ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں اور ان کے مقامی شعبدہ بازوں کے مکروفریب کی قلعی ایسے واقعات سے کھل جاتی ہے، لیکن ان کی آنکھوں پر تعصب، جنون، غرور اور تکبر کی موٹی چادر چڑھی ہوئی ہے اور وہ جیتے جاگتے اور واضح حقائق سے جان بوجھ کر مجرمانہ چشم پوشی کرکے اپنی انا، ضد اور ہٹ دھرمی کو تسکین فراہم کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں، لیکن دیر سویر اُن کو اصل اور زمینی صورتحال کو تسلیم کئے بنا کوئی چارہ نہیں ہے اور جتنی جلد وہ یہ کارِ خیر انجام دیں گے، اُن کے لیے ہی نہیں پوری عالم انسانیت کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین نے کہا کہ لولاب کپوارہ،بومئی سوپور اور آنچی ڈورہ اسلام آباد کے زخموں سے ابھی لہو ہی ٹپک رہا ۔ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ11ماہ کے دوران100شہریوں کو ابدی نیند سلا دیا گیا،جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انسانی جان کی اب کوئی قیمت نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں موجودہ صورتحال بہت ہی نازک ہے اور ایسی ہلاکتوں کی وجہ سے ریاست کی صورتحال مخدوش ہو تی جارہی ہے ۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین نے موجودہ صورتحال کو غلط پالسیوں کا نتیجہ قرار دیتے مرکز اور ریاستی حکومت کے پاس کشمیر پالیسی کے حوالے سے کوئی مثبت لایحہ قدم نہیں ہے جس کے نتیجے میں پوری ریاست میں افرا تفری کا ماحول بپاء ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کے نہ تھمنے والے سلسلے سے ریاستی عوام سخت مایوسی کا شکار ہیں ۔فاروق احمد ڈارنے کہا کہ ریاستی عوام کا بھروسہ مر کزی حکومت اور ریاستی سیاست دانوں و انتظامیہ پر سے اٹھ گیا ہے اور اگر حالت کا فوری طور پر تدارک نہیں کیا گیا تو اس کے بھانک نتائج بھگتنے ہوں گے ۔اس دوران کشمیر اکنامک الائنس کے چیئر مین محمد یوسف چاپری اور ترجمان اعلیٰ محمد صدیق رونگہ نے الائنس کے لیڈروں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

Comments are closed.