فورسز کے ہاتھوں18؍افراد جابحق: منظم اور منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی ۔ میرواعظ

سرینگر26نومبر: حریت کانفرنس نے گزشتہ تین دنوں کے دوران کشمیر کے حدود میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں18؍افراد کو شہید کئے جانے کے المناک ایک منظم اور منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے اس قتل و غارت گری اورننگی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ بیان میں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے بٹہ گنڈ کاپرن میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی کے دوران 6 عسکریت پسندوں شہید عرف مجید گنائی،شہید مشتاق احمد میر،شہید عباس احمدبٹ، شہید وسیم احمدوگے،شہید خالد فاروق ملک ، اورجنوبی کشمیر کے کھریو پانپور میں شہید کئے گئے محمد وسیم بھائی اور کولگام کے نہتے شہری شہید نعمان اشرف بٹ کو ان کی قربانیوں کیلئے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قوم کو محکومی اور غلامی کے طوق سے آزادی دلانے کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے ایثار اور قربانی کو قوم ہرگز فراموش نہیں کر سکتی اور نہ ہی ان کی بے مثال قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر کے عوام عموماً اور نئی نسل خصوصاً جبر و استبداد اور غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے اپنے پاکیزہ خون سے تحریک حریت کی آبیاری کررہے ہیں اور معصوم نوجوانوں کا مسلسل شہید ہونا پوری قوم کیلئے سوہان روح اور درد و کرب کا باعث ہے تاہم بیان میں کہا گیا کہ ہمارے ہزاروں شہیدوں کی قربانیاں ہر لحاظ سے تحریک آزادی کشمیر کیلئے انمول اثاثے کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان قربانیوں کو ثمر آور بنانے کیلئے عوامی اور قیادت کی سطح پرتحریک حق خودارادیت کے تئیں استقامت اور یکسوئی انتہائی لازمی اور ناگزیر ہے اور اسی سے ہم اپنی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔ بیان میں کپرن شوپیاں میں فوج اور سرکاری فورسز کی جانب سے نہتے مظاہرین پر بے تحاشا بلٹ اور پیلٹ کے استعمال کے نتیجے میں درجنوں افرادسمیت18 مہینے کی کمسن اور معصوم ہبہ کو شدید زخمی کئے جانے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پورے جنوبی کشمیر کو فوج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جہاں بدترین سرکاری دہشت گردی کا بے تحاشہ مظاہرہ کیا جارہا ہے۔اس دوران حریت چیرمین میرواعظ کی خصوصی ہدایت پر سینئر حریت رہنما جناب مختار احمد وازہ کی قیادت میں وفد نے پشوارہ کھنہ بل اسلام آباد ، آرونی، گوس کولگام وغیرہ کے علاقوں کا دورہ کرکے حالیہ ایام میں شہید کئے گئے افراد کے گھر گیا جہاں ان شہیدوں کے والدین اور اقارب سے جناب میرواعظ نے فون پر تعزیت ،تسلیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت ادا کیا اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ پوری کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ایک مقدس نصب العین کے حصول کیلئے دی جارہی قربانیاں ہمارے لئے انتہائی قیمتی ہیں اور شہیدوں کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرانے کیلئے قیادت اور قوم وعدہ بند ہے

Comments are closed.