امریکہ کا روس سے ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن/ماسکو،(یو این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کئی برس سے معاہدے پر عمل نہیں کررہا اس لئے معاہدہ معطل کررہے ہیں۔

ڈونلڈٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ روس کئی برسوں سے معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے، ہم روس کو ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، انہوں نے سابق امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں کہ صدر اوباما نے معاہدہ ختم کیوں نہیں کیا۔
دوسری جانب روس نے امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدہ ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ دنیا میں واحد عالمی سپر پاور بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا ہے کہ امریکہ کا واحد عالمی طاقت بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایک تاریخی معاہدے سے دستبردار ہوجائے گا۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی ’خلاف ورزی‘ کی ہے۔

معاہدے کے تحت زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پر پابندی ہے۔ یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹر ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ روس کو ان ’’ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا جبکہ ہمیں اس کی اجازت نہیں ہے‘‘۔

نویڈا میں ایک ریلی کے بعد صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ صدر اومابا نے اس پر بات چیت کیوں نہیں کی یا اس سے کیوں نہیں نکلے۔ وہ بہت برسوں سے اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔‘‘

Comments are closed.