زمینی صورتحال کا کیا گیا احاطہ
بلدیاتی،پنچایتی انتخابات ،جنگجومخالف آپریشن اور دیگر امورات پر کیا گیا تبادلہ خیال
سرینگر:ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں راج بھون سرینگر میں ہفتہ کو ایک غیر معمولی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس میٹنگ میں ریاست میں 8اکتوبر سے شروع ہونے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات ،جنگجو مخالف آپریشن اور دیگر سیکیورٹی امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر نے سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ سیکیورٹی چیلنجز کو ملحوظ نظر رکھ انتخابی عمل کو احسن طریقے سے انجام دینے کےلئے زمینی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ راج بھون سرینگر میں ہفتہ کو سیکیورٹی سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔اس میٹنگ کی صدارت ریاست کے گور نر ستیہ پال ملک نے کی ۔میٹنگ میں سینئر سیول ،پولیس ،مرکزی فورسز،فوج اور ریاستی ومرکزی خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،جس میں گورنر کو ریاست میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال ،چیلنجز اور انتخابی عمل کےلئے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سیکیورٹی جائزہ میٹنگ میں شمالی فوج کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ ،گورنر کے دونوں مشیر بی بی ویاس اور وجے کمار ،ریاستی چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ،ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ ،15کور کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ،پرنسپل سیکٹریٹری گورنر امنگ نرولہ ،پرنسپل سیکریٹری ہوم آر کے گویل ،صوبائی کمشنر کشمیر بصیر خان ،اے ڈی جی پی لاءاینڈ آرڈر منیر خان ،آئی جی کشمیر ایس پی پانی ،آئی جی سی آر پی ایف روی دیپ سنگھ سہائی ،آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز ذولفقار حسن اور دیگر ریاستی ومرکزی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہاں نے شرکت کی ۔
راج بھون میں منعقدہ سیکیورٹی جائزہ میٹنگ میں جموں وکشمیر کی مجموعی صورتحال ،بلدیاتی انتخابات ،جنگجومخالف آپریشن ،دراندازی اور دیگر سیکیورٹی سے متعلق امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ میں 8اکتوبر سے شروع ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں گور نر ستیہ پال ملک کو جانکاری دی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس اہم اور غیر معمولی جائزہ سیکیورٹی میٹنگ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال ،سیکیورٹی فورسز کو درپیش چیلنجز اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے سیکیورٹی ایجنسیز کو ہدایت دی کہ وہ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے زمینی صورتحال پر کری نگاہ رکھیں ۔انہوں نے سیکیورٹی ایجنسیز کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے احسن طریقے سے انجام دینے کےلئے سیول انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل بنائیں ۔انہوں نے گزشتہ کئی روز امن وقانون کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کے پس منظر میں زور دیا کہ سلامتی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جن افراد کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے ،اُنکی سلامتی کو یقینی بنائیں جبکہ سیکیورٹی تنصیبات کے اردگرد کڑی نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ چوکسی برتی جائے ۔
انہوں نے اس جائزہ میٹنگ میں پولیس اہلکاروں اور اُنکے کنبوں کی فلاح وبہبود سے متعلق معاملات پر تفصیلات حاصل کیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں قیام امن کو یقینی بنانے کےلئے سیکیورٹی فورسز کی قر بانیاں نا قابل فراموش ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہوئے پولیس اہلکاروں اور اُنکے کنبوں کی فلاح وبہبود ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور اُنکے کنبوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے ۔اس میٹنگ میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے انعقاد پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا ۔
Comments are closed.