کیرن کپوارہ : فوج نے ہفتہ کو دعویٰ کیا ہے کہ وادی کشمیر میں 300 عسکریت پسند سرگرم ہیں جبکہ 250 عسکریت پسند پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے اس پار داخل ہونے کی تاک میں بیٹھے ہیں .
کیرن کپوارہ میں منعقدہ 15 روزہ پبلک میلے کے اختتام پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 15 ویں کور کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے کہا کہ 250 عسکریت پسند دراندازی کی تاک میں سرحد کے اُس پار لاچنگ پیڈوں پر تیار بیٹھے ہیں .
ان کا کہناتھا کہ اس وقت وادی کشمیر میں مقامی اور غیر مقامی 300 عسکریت پسند سرگرم ہیں جبکہ مزید 250 عسکریت پسند دراندازی کی کوشش میں تیار ہیں .تاہم فوج دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کےلئے تیار ہے .
انہوں نے کہا کہ موسم کے مہینوں میں سرحد کے اُس پار سے دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ،تاہم لائن آف کنٹرول میں فوج کسی بھی دراندازی کو روکنے کےلئے چوکس اور متحرک ہے .
انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے لوگوں کو شمالی کشمیر کے لوگوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے ،جو کسی ملی ٹنٹ کو پناہ نہیں دیتے .
ان کا کہناتھا کہ شمالی کشمیر کے لوگوں نے 1947 سے فوج کی مدد کی اور ہماری کوشش رہے گی ہم ان لوگوں کی مدد کریں اور یہاں لڑکوں کو فوج میں بھرتی کرنے کےلئے بھی کوششیں کی جائیں گی .
الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں 15 ویں کور کمانڈر نے کہا کہ فوج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہے .
ان کا کہناتھا کہ جہاں تک بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا تعلق ہے ،فوج پولیس اور سی آر پی ایف کو ہر ممکن تعاون دینے کےلئے تیار ہے جبکہ فوج 24 گھنٹے ریاست میں قیام امن اور الیکشن کے احسن انعقاد کےلئے اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہی ہے.
Comments are closed.