بلدیاتی انتخابات:شوپیان میں13امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے

سری نگر: میڈیا رپورٹس میں اس بات انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوبی ضلع شوپیان میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے میونسپل انتخابات میں13امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو رہے ہیں ،کیونکہ ان کے مقابلے میں کوئی بھی امیدوار انتخابی میدان میں نہیں اترا ہے ۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شوپیان کی میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں بغیر الیکشن کے 13بھاجپا امیدوار کامیاب ہورہے ہیں ،کیونکہ اُن کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں ہے ۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ تمام امیدوار جن کی شناخت خفیہ رکھی گئی ہے ،پنڈت ہیں اور ان میں سے کوئی بھی شوپیان میں نہیں رہتا ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ شوپیان میونسپل کمیٹی کے17وارڈوں پر 13امیدوار بغیر الیکشن کامیاب ہو رہے ہیں کیونکہ ان وارڈوں پر دوسرا کوئی امیدوار الیکشن نہیں لڑ رہا ہے جبکہ 4وارڈوں میں کوئی بھی الیکشن نہیں لڑے گا ۔میڈیا رپورٹس میں ایک سینئر افسر کا حوالہ دےتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے دوران یہ پایا گیا کہ 13امیدوار بغیر ووٹنگ کامیاب ہونگے ۔

مذکورہ افسر نے بتایا ہے کہ جہاں تک اُسکی علمیت ہے ،یہ تمام امیدوار بھاجپا کے ہیں اور یہاں الیکشن ہونے کی امید نہیں ہے ،کیونکہ ان وارڈوں میں کوئی دوسرا امیدوار سامنے نہیں آیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان اوئیس احمد نے ایک انگریزی روزنامہ کو بتاتے ہوئے اسکی تصدیق کی ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہاں الیکشن نہیں ہونگے ،اگر ان وارڈوں میں صرف ایک ،ایک امیدوار میدان میں ہے ۔

میڈیا رپورٹس میں الیکشن افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں 4امیدوار ہیں جن مین تین آزاد امیدوار اور ایک بھاجپا کا امیدوار ہے ۔

اسی طرح قصبہ اونتی پورہ میں 3امیدوار ہیں جن میں2بھاجپا کے امیدوار ہیں جبکہ ایک امیدوار آزاد ہے ۔پلوامہ قصبے سے بھاجپا کے 2امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پانپور میں4امیدوار میدان میں ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر ملی ٹنسی کا مرکز تصور کیا جارہا ہے اور جنوبی ضلع شوپیان تشدد کے باعث کئی برسوں سے متاثر رہا ہے ۔

انکاﺅنٹر ،جنگجویانہ حملوں اور پُر تشدد کے نتیجے میں یہاں امسال60افراد کی موت ہوگئی جن میں24عام شہری ،28جنگجو اور 9پولیس اہلکار شامل ہیں ۔

Comments are closed.