ہتھیاروں سمیت مفرور ایس پی او حزب میں شامل ،سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل

سرینگر : چار روز قبل شہر سرینگر کے حساس علاقہ جواہرنگر علاقے سے فرار ہوچکے ایس پی او عادل بشیر نے عسکری تنظیم حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی ہے اور اسکی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں .

یاد رہے کہ جمعہ کی شام کو ایک سنسنی خیز خبر نے سیکیورٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچادی جب ممبر اسمبلی وچی ایڈوکیٹ اعجاز احمد میر کی رہائش گاہ مامور سپیشل پولیس افسر (ایس پی او ) اپنے ساتھی اہلکاروں کی سات رائفلیں اور ممبر اسمبلی کی لائسنس شدہ پستول اُڑا کر فرار ہوگیا .

پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ ریاستی پولیس کے چیف نے ایس پی او کا پتہ دینے والے شخص کو 2 لاکھ روپے سے نوازنے کا اعلان کر رکھا ہے .

اب مذکورہ ایس پی او کی حزب المجاہدین میں شمولیت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر زینت الاسلام اور دیگر جنگجوئوں کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے .

اس کی ایک اور تصاویر میں مذکورہ ایس پی او بندوق لئے ہوئے ہے اور اس پر حزب المجاہدین کی اردو میں تحریر کردہ شناختی پرچی بھی ہے .مذکورہ اہلکار کی جانب سے اُڑالی گئیں رائفلوں کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے .

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس نے پہلے ہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مذکورہ ایس پی او نے جنگجوئیت کی راہ اختیار کی ہے .

پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصاویر کی بھی جانچ کی جارہی ہے ،کہ ان میں کتنی صداقت ہے .ان کا کہناتھا کہ پولیس کو معاملے کی نسبت پہلے ہی سراغ مل چکا ہے اور یہ معاملہ عنقریب سلجھایا جائیگا .

دریں اثناء پولیس نے معاملے کی نسبت بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں ممبر اسمبلی کے علاوہ اُن اہلکاروں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ،جن کے ہتھیار اُڑا لئے گئے .

Comments are closed.