ہندوارہ میں شبانہ جھڑپ،2مقامی جنگجو جاں بحق:پولیس
ہندوارہ: پولیس نے منگل کی صبح دعویٰ کیا کہ لنگیٹ ہندوارہ میں شبانہ معرکہ آرائی کے دوران 2 جنگجو جاں بحق ہوئے .
ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’کپوارہ کے ہندوارہ میں ہوئے مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن جاری ہے‘۔ فوج کی چنار کور کے ایک ترجمان نے مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے منگل کی علی الصبح ہندوارہ کے گلورہ لنگیٹ نامی جنگلی علاقہ میں فوج کی 30 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا ’فوجیوں کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیاگیا ‘۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
جاں بحق جنگجوئوںکی شناخت لیاقت ساکنہ ہارون سوپور اور فرقان ساکنہ لنگیٹ ہندوارہ کے بطور ہوئی .اس دوران ہندوارہ میں احتیاطی اقدامات کے تحت منگل کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا جبکہ ہندوارہ اور سوپور میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کردی گئیں.
Comments are closed.