ماتری بوگ شوپیاں میں عسکریت پسندوں نے فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا فوجی میجر سمیت 2ہلاک ایک زخمی  حملے کرنے والے جنگجوؤں کو انعام سے نوازا جائے گا ، اس طرح کے حملے جاری رہیں گے /حزب ترجمان

سرینگر؍03؍اگست۔پہاڑی ضلع شوپیاں کے ماتری بوگ گاؤں میں عسکریت پسندوں نے فوج کی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا فوجی میجر سمیت 2اہلکار ہلاک ایک کی حالت تشویشناک ۔ دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ حملے میں ملوث جنگجوؤں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ حزب المجاہدین کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاکہ عسکریت پسندوں کے حملے میں فوجی میجر سمیت چھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ حزب ترجمان نے جنگجوؤ ں کو انعام سے نوازنے کا بھی اعلان کیا ۔شوپیاں کے ماتری بوگ گاؤں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے فوج کی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا ۔ نمائندے کے مطابق جدید اسلحہ سے لیس عسکریت پسندوں نے فورسز گاڑیوں کو گھیرے میں لے کر کئی منٹوں تک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فورسز اہلکار وں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا ۔معلوم ہوا ہے کہ حملے میں فوجی میجر سمیت 3اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بادامی باغ سرینگر منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے فوجی میجر اور اُس کے ساتھی کو مردہ قرار دیا ۔ نمائندے کے مطابق حملے کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے ماتری بوگ اور اُس کے آس پاس گاؤں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے جھڑپ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ماتری بوگ شوپیاں کے قریب عسکریت پسندوں نے فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں میجر جس کی شناخت کملیش پانڈے کے بطور ہوئی ہے کی موت واقع ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق حملے میں زخمی ایک اور فوجی اہلکار تنزن بادامی باغ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک اور فوجی اہلکار جس کی شناخت کرپال سنگھ کے بطور ہوئی ہے کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کو مارگرانے کیلئے شوپیاں میں فورسز کو متحرک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہاڑی ضلع شوپیاں کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق جنگجو آس پاس گاؤں میں ہی چھپے بیٹھے ہیں جنہیں تلاش کرنے کیلئے اضافی کمک کو شوپیاں کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہا ن الدین نے ماتری بوگ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاکہ عسکریت پسندوں کے حملے میں میجر سمیت 6فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حزب کمانڈر محمود غزنوی نے فیصلہ کیا ہے کہ حملے کرنے والے جنگجوؤں کو انعام سے نوازا جائے گا۔ حزب ترجمان کے مطابق مستقبل میں اس طرح کے حملے جاری رہیں گے۔

Comments are closed.