کشمیر کی صورتحال مشکل لیکن ہم قابو پالیں گے: دلباغ سنگھ

سری نگر ، جموں وکشمیر کے نئے اور عبوری پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ وادی کی موجودہ صورتحال مشکل ہے لیکن ہم اس صورتحال پر قابو پانے میں ضرورت کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ریاستی پولیس کی مضبوط فورس ہے۔

دلباغ سنگھ نے جمعہ کے روز یہاں پولیس ہیڈکوارٹرس میں اپنے نئے اور اضافی عہدے کا چارج سنبھالنے کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا ’میرے ساتھ ایک مضبوط فورس ہے۔ صورتحال مشکل ہے، لیکن ہم اس صورتحال سے نمٹیں گے۔ ہم موجودہ صورتحال پر قابو پانے میں ضرورت کامیاب ہوں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس پوری مضبوطی سے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا ’ ریاستی پولیس عوام اور حالات کی بہتری کے لئے پوری مضبوطی سے کام کرتی رہے گی‘۔

اس دوران ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ دلباغ سنگھ نے پولیس سربراہ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا ’شری دلباغ سنگھ آئی پی ایس نے جمعہ کے روز یہاں جموں وکشمیر کے ڈی جی پی کا عہدہ سنبھال لیا۔ ان کا مختلف ونگوں کے سینئر پولیس افسران نے استقبال کیا۔ انہوں نے افسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت بھی کی۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا‘۔

بتادیں کہ ریاست کے نو منتخب گورنر ستیہ پال ملک نے جمعرات کو ڈاکٹر شیش پال وید کو تبدیل کرکے ان کی جگہ 1987 بیچ کے آئی پی ایس افسر دلباغ سنگھ کو ریاست کا عبوری پولیس سربراہ تعینات کیا ۔ ڈاکٹر وید کو ٹرانسپورٹ کمشنر (جموں وکشمیر) تعینات کیا گیا ہے ۔یو این آئی

Comments are closed.