ڈی جی پی کی تبدیلی پر نئی بحث شروع،عمر عبداللہ نے سوال اٹھایا
ڈاکٹر ایس پی وید تبدیل، دلباغ سنگھ ریاست کے عبوری پولیس سربراہ تعینات
سری نگر ، ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کی تبدیلی پر ایک نئی سیاسی بحث شروع ہوگئی ،کیونکہ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے ڈاکٹر وید کی تبدیلی اور دلباغ سنگھ کی پولیس سربراہ کے عہدے پہ عبوری تعیناتی کے اقدام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا”ڈی جی کو تبدیل کرنا انتظامیہ کے حد اختیار میں ہے۔ لیکن نئے ڈی جی کی عبوری تعیناتی کیوں؟”.
یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے نو منتخب گورنر ستیہ پال ملک نے ڈاکٹر شیش پال وید کو تبدیل کرکے ان کی جگہ 1987 بیچ کے آئی پی ایس افسر دلباغ سنگھ کو ریاست کا عبوری پولیس سربراہ تعینات کردیا ہے۔
ڈاکٹر وید کو ٹرانسپورٹ کمشنر (جموں وکشمیر) تعینات کیا گیا ہے۔ ریاستی محکمہ داخلہ کی طرف سے گذشتہ رات دیر گئے جاری کئے گئے حکم نامہ کے مطابق 1986 بیچ کے آئی پی ایس افسر ڈاکٹر ایس پی وید کو تبدیل کرکے ٹرانسپورٹ کمشنر (جموں وکشمیر) تعینات کیا گیا ہے۔ جبکہ ڈی جی پی جیل خانہ جات دلباغ سنگھ ریاستی پولیس کے سربراہ کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔ وہ مستقل انتظام کئے جانے تک ریاست کے عبوری پولیس سربراہ ہوں گے۔
ادھرغیر مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایس ایم سہائے کو ممکنہ طور پر ریاستی پولیس کا نیا سربراہ مقرر کیا جاسکتا ہے .ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ایک ہفتے میں ممکنہ طور پر ایس ایم سہائے کو اس عہدے پر فائز کیا جاسکتا ہے .تاہم مصدقہ ذرائع نے اسکی تصدیق نہیں .

ریاستی پولیس سربراہ کی تبدیلی اور اُنکی جگہ عارضی بنیادوں پر نئے پولیس سربراہ کو تعینات کئے جانے پر نئی بحث بھی شروع ہوگئی ہے .
ریاست جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈاکٹر وید کی تبدیلی اور دلباغ سنگھ کی پولیس سربراہ کے عہدے پہ عبوری تعیناتی کے اقدام پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ڈی جی کو تبدیل کرنا انتظامیہ کے حد اختیار میں ہے۔ لیکن نئے ڈی جی کی عبوری تعیناتی کیوں؟ نئے (عبوری) ڈی جی نہیں جانتے کہ وہ پولیس سربراہ بنے رہیں گے یااضافے چارج سے فارغ کئے جائیں گے۔ یہ جموں وکشمیر پولیس کے لئے اچھا نہیں ہے‘۔
انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’ایس پی وید کو تبدیل کرنے کی کوئی جلدی نہیں تھی۔ انہیں مستقل انتظام کئے جانے تک تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے تھا‘۔

اس دوران تبدیل کئے جانے والے پولیس سربراہ ڈاکٹر وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں خدا کا شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھے اپنے لوگوں اور ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیا۔ میں جموں وکشمیر پولیس، سیکورٹی ایجنسیوں اور اہلیان جموں وکشمیر کا بھی ان کے سپورٹ اور مجھ پر بھروسے کے لئے شکر گذار ہوں۔ نئے ڈی جی پی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔
ڈاکٹر وید کو سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت نے ریاست کا پولیس سربراہ تعینات کیا تھا۔(بشمولات یواین آئی)
Comments are closed.