پلوامہ میں شبانہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا

پلوامہ :آئین گنڈ راجپورہ پلوامہ میں شام دیر گئے جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گاﺅں میں 3عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو بھی سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ عسکریت پسندوں کی نقل حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد 4آر آر ، 183بٹالین بی ایس ایف ، ایس او جی پلوامہ ، ایس او جی شادی مرگ نے ضلع پلوامہ کے آئین گنڈ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر جونہی جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور فورسز پر پتھراو کرنا شروع کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں راجپورہ پلوامہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد فوج کی مزید کمک کو طلب کرکے گاﺅں میں چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی جبکہ جگہ جگہ خصوصی جنریٹر بھی نصب کئے گئے۔ رات دس بجے کے قریب مزید کمک طلب کی گئی جس کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ تھم گیا کیونکہ فوج اور پیرا ملٹری فورسز نے آس پاس علاقوں کو بھی سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق آئین گنڈ راجپورہ پلوامہ میں تین جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آئین گنڈ راجپورہ پلوامہ گاﺅں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق لوگوں سے تلقین کی گئی کہ وہ گھروں میں رہے اور باہر آنے کی کوشش نہ کریں ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاﺅں میں گھر گھر تلاشی کارروائی کا سلسلہ جاری تھا ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ یو پی آئی

Comments are closed.