پلوامہ :نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال،ریل سروس معطل

پلوامہ : جنوبی ضلع پلوامہ میں منگل کو نوجوان کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال رہی ،جسکی وجہ سے یہاں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئیں.

یہاں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن مخالف مظاہروں کے دوران فورسز کی فائرنگ سے 24 سالہ نوجوان فیاض احمد وانی کی موت ہوگئی تھی .

ضلعے میں‌ تمام دکانات ،نجی دفاتر ،تجارتی وکاروباری ادارے اور پیٹرول پمپ مقفل رہے .یہاں یہ ہڑتال نوجوان کی ہلاکت کے خلاف تعزیتی ہڑتال رہی .

فیاض احمد وانی محاصرہ مخالف مظاہروں کے دوران چیو کلان پلوامہ میں پیر کے روز فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا .

ادھر ضلعے میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر درس وتدریس کا عمل متاثر رہا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا .تعزیتی ہڑتال کے باعث ضلعے میں ہو کا عالم رہا .

اس دوران حساس علاقوں میں پولیس وفورسز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی.ادھر ضلع انتطامیہ کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل معطل رکھا گیا .

ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمد ڈار کی ہدایت پر ہائر سکینڈری اسکول اور ڈگری کالج بائز اینڈ گرلز پلوامہ ،راجپورہ ،کاکاپورہ تحاصیل میں درس وتدریس معطل رکھا گیا .

دریں اثناء وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے درمیان ریل سروس معطل رکھی گئی .یہ اقدامات احتیاطی طور پر اٹھائے گئے .

Comments are closed.