جموں وکشمیرمیں پنچایتی انتخابات غیر سیاسی بنیادوں پر کرائے جائیں:چیئرمین شفیق میر
جموں،(یو این آئی) سرپنچوں وپنچوں کی نمائندہ تنظیم آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے پنچایتی انتخابات کے لئے گذشتہ روز گورنرکی صدارت میں منعقدہ ریاستی انتظامی کونسل میں تاریخوں کا اعلان کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
کانفرنس نے غیر سیاسی بنیادوں پر انتخابات کرانے پرزور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنچایت ایک سماجی ادارہ ہے، اس کا کام خالص گاوں سطح پر تعمیر وترقی کو یقینی بنانا ہے، ان کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں اور نہ مسئلہ کشمیر سے ان کا کوئی واسطہ ہے۔
پنچایت کانفرنس کے چیئرمین شفیق میر نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا’کچھ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈران کا رد عمل سامنے آیا ہے کہ حالات خراب ہیں ، انتخابات کے لئے ماحول سازگار نہیں، لیکن میں یہ واضح کر دوں کہ پنچایت ایک کیمونٹی ادارہ ہے، اس کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں، ہم کوئی قانون نہیں بناتے ، ہماری توجہ صرف گاوں کی ترقی ہوتی ہے، لہٰذا سبھی مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ پنچایتی انتخابات کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال نہ کریں، مکمل طور غیر سیاسی بنیادوں پر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایاجائے، سیاسی جماعتیں خود کو اس سے الگ تھلگ رہیں‘۔
شفیق میر نے کہاکہ علیحدگی پسند ، حریت لیڈران کو بھی چاہئے کہ وہ اس بات سے خوفزدہ نہ ہوں کہ پنچایتی انتخابات کے انعقاد یا اس میں لوگوں کی شرکت سے مسئلہ کشمیر پر کوئی اثر پڑے گا ، پنچایتوں کا کشمیر مسئلہ سے دور دور کا واسطہ نہیں، لہٰذا انہیں بھی چاہئے کہ وہ بائیکاٹ کال نہ دیں اور آزادانہ طریقہ سے لوگوں کواپنے گاو¿ں کی ترقی کے لئے موزوں افرادشخصیات کا انتخاب کر کے پنچایتوں میں بھیجنے دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک سیکورٹی کا معاملہ ہے ، وہ انتظامیہ کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر مین اسٹریم اور علیحدگی پسند قیادت پنچایتوں پر کوئی بیان بازی یا سیاست نہ کرے تو انتخابات بلاخوف شفاف طریقہ سے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ اگر انہیں سیاست کا شکار بنایاگیاتو پھر ریاست خاص کر وادی کشمیر میں پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج تک خاص طور سے مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی وجہ سے یہ ادارے موثر طریقہ سے کام نہ کرسکے ۔
پنچایت کانفرنس کے صدر انیل شرما نے ایک بیان میں کہا ہے پنچایتی ممبران کی سیکورٹی یقینی بنائی جانی چاہئے۔انہوں نے مزید بتایاکہ پرخطر اور غیر یقینی ماحول کے باوجود آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس ممبران نے ہمیشہ پنچایتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے لئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے لہٰذا ریاست کے حساس علاقوں میں بلاخلل نقل وحمل کو یقینی بنانے کے لئے انہیںسیکورٹی فرام کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ سال 2011سے2016تک پنچایت ممبرا ن نے کم سے کم 12پنچایتی ممبران نے ریاست کے حساس علاقوں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں اور یہ سیکورٹی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ہوا تھا۔ بتادیں کہ گورنر ستیہ پا ل ملک کی صدارت میں ریاستی انتظامیہ کونسل نے پنچایتوں کے انتخابات 8مرحلوںمیں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کی تاریخیں 8نومبر 2018ءسے لے کر 4دسمبر 2018 تک ہوں گی۔
Comments are closed.