سرینگر//صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے LAHDC(کرگل) کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو سب سے بڑی جماعت بنانے پر کرگل کے عوام کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس پر اپنا اعتماد اور بھروسہ ظاہر کرنے پر اہل کرگل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو بھی مبارکباد دی ہے ، جنہوں نے ان تھک محنت کرکے پارٹی کی جیت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت ہمارے اُس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس میں سماج کے ہر طبقہ، بلا لحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل اور ذات پات ،کے لوگوں کی فلاح و بہبود ، خوشحالی اور فارغ البالی شامل ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کرگل ہل کونسل کے نومنتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی اُمیدورں پر کھرا اُترنے کیلئے تن دہی اور لگن سے کام کریں۔
انہوں نے کہا ”لوگوں نے پیسے کو ٹھکرا کر نیشنل کانفرنس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے،اللہ تعالیٰ نے آپ کو (کونسلروںکو) لوگوں کی خدمت کرنے کا سنہری موقع فراہم کیا ہے اور اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ لوگوں کی توقعات پر کس قدر کھرا اترنے کیلئے کام کریں گے۔“ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مبارکبادی کے اپنے پیغام میں لداخ خودمختار پہارٹی ترقیاتی کونسل کرگل کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
پسماندہ اور غریب طبقوں کی زندگی بہتر سے بہتر بنانے کے پارٹی کے مو¿قف کو دہراتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ان انتخابات میں ہماری پارٹی کی جیت بہت ہی حوصلہ افزاءہے اور میں کرگل کے عوام کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نیشنل کانفرنس کو بھر پور حمایت اور تعاون دیا۔ البتہ اصل کام اب شروع ہوگا، لوگوں نے ہم سے جو اُمیدیں وابستہ رکھیں ہیں اُن کو پورا کرنا ہمارا واحد اور بنیادی ایجنڈا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ تمام منتخب کونسلر تن دہی اور لگن کیساتھ کام کریں گے۔
عمر عبداللہ نے اس جیت پر نیشنل کانفرنس ضلع صدر کرگل حاجی حنیفہ جان، سینئر لیڈرن قمر علی آخون اور دیگر پارٹی عہدیدارو اور کارکنوں کو بھی مبارکباد پیش کی جن کی محنت کی بدولت ہماری جماعت انتخابات میں فاتح ثابت ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور دیگر پارٹی لیڈران کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی میں یہ جیت ممکن ہوئی۔ دریں اثناءپارٹی جنرل سکریٹری علی محمدساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی کرگل کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور کامیاب اُمیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
Comments are closed.