لداخ : لداخ خود مختار پہاڑی ترقی کونسل کرگل کے چوتھے عام انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج منظرعام پر آئے ہیں ،جسکے تحت نیشنل کانفرنس نے 10 ،کانگریس نے 8 ،پی ڈی پی نے 2 ،بی جے پی نے ایک اور آزاد امیدواروں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی.
اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چوتھے عام انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق نیشنل کانفرنس نے 10 جبکہ کانگریس نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ریاست کی سابقہ مخلوط حکومت کی اکائیوں پی ڈی پی اور بی جے پی کو ان انتخابات میں سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پی ڈی پی 2 جبکہ انتخابی مہم کے دوران بھاری جیت کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی محض ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 5 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
بی جے پی نے کرگل میں ان انتخابات کے لئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی ترقیاتی کونسل کرگل کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
پارٹی نے شیعہ اکثریتی ضلع کرگل میں رائے دہندگان کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے ’نعرہ حیدری‘ کے نعرے کا بڑھ چڑھ کا استعمال کیا تھا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ خطہ لداخ کے لئے کرگل اور لیہہ دو خود مختیار ترقیاتی کونسلیں بنائی گئی ہیں جنہیں مقامی سطح پر انتظامیہ کو چلانے کے تمام تر اختیارات حاصل ہیں۔
کل 30رکنی کونسل میں سے 26نشستوں پر انتخابات ہوتے ہیں جبکہ باقی 4ممبران کو نامزد کیاجاتا ہے جن میں دو اقلیتی طبقہ اور دو خواتین ممبران شامل ہیں۔2003میں کرگل ضلع میں کونسل کا قیام عمل میں لایاگیاتھا، جس کے بعد یہ چوتھے انتخابات ہیں۔
لداخ ہل کونسل کرگل کے انتخابات میں99 اُمیدوار میدان میں تھے
لداخ خود مختار پہاڑی ترقی کونسل کرگل کے چوتھے عام انتخابات میں کل 233امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے ، جن میں سے جانچ پڑتال کے دوران 9کو رد کر دیاگیا جبکہ 224امیدوار درست پائے گئے جن میں سے 125امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں واپس لے لیں۔اور مجموعی طور 99امیدوار انتخابی دوڑ میں تھے۔
ضلع انتظامیہ نے ڈی سی آفس کمپلیکس برو میں کنٹرول روم اور شکایتی سیل قائم کی تھی ۔ انتخابات سے جڑے کسی بھی شکایت کے لئے عوام وہاں اپنی شکایات یہاں درج کراسکتے تھے۔
یہ انتخابات 27 اگست کو منعقد ہوئے جبکہ ووٹوں کی گنتی کےلئے 31 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔ان انتخابات میں 83,844 رائے دہندگان کےلئے 258پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔
Comments are closed.