جموں، (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مہلا مورچہ کی ایک سنیئرلیڈر نے پارٹی لیڈران پر خواتین کارکنان کا جنسی استحصال کرنے اور پارٹی کے اندر ترقی دینے کے لئے جسمانی تعلقات بنانے کے سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ۔
ایک سنیئرخاتون لیڈرکھل کر میڈیا کے سامنے آئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔ پریہ جرال نامی لیڈر نے گذشتہ روز جموں میں مختلف سیاسی ، سماجی، تجارتی اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کنونشن سینٹر جموں میں منعقدہ خصوصی’پرارتھنا سبھا‘کے دوران یہ معاملہ اُٹھاکر پارٹی لیڈران کو شرمسار کر دیا۔
وائرل ہوئی ویڈیو پرمتعدد سیاسی، سماجی تنظیموں کی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو چوطرفہ تنقید کا نشانہ بنایاجارہاہے۔ جموں وکشمیر بی جے پی مہلا مورچہ کی سابقہ ریاستی نائب صدر اور موجودہ ایگزیکٹیو ممبر پریہ جرال نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی میں آگے بڑھنے کے لئے سنیئرلیڈران سے جسمانی تعلقات قائم کرنے کے لئے دباو¿ ڈالاگیا، جب انہوں نے نہیں مانا تو انہیں مورچہ کی تشکیل نو کے وقت کوئی بھی عہدہ نہ دیاگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ بات بار ہالیڈران کی نوٹس میں لائی مگر کسی نے اس طر ف توجہ نہ دی اورہربار یہی کہاکہ یہ چھوٹی موٹی بات ہے۔پریہ جرال نے صحافی کو دیئے گئے ایک انٹرویو ، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زبردست وائرل ہورہی ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران بڑے پیمانے پر اس کو شیئر کر رہے ہیں، میں کہہ رہی ہیں کہ ”میں پارٹی کے ساتھ اس لئے جڑی تھی کہ اس کی کچھ اچھائیاں تھیں، خواتین کی عزت کی جاتی تھی، کئی برس تک پارٹی کی مضبوطی کے لئے محنت کی لیکن اب سب کچھ تبدیل ہوگیا ہے، اُسی خاتون کو بڑا عہدہ ملتا ہے جوسنیئرلیڈر سے جسمانی تعلقات قائم کرتی ہے“۔پریہ جرال نے کہاکہ بی جے پی میں خواتین کے ساتھ بہت غلط ہورہا ہے، عورت کو اپنی عزت داو¿ پر لگاکر آگے بڑھنے کی بات کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”میں مہلا مورچہ کی نائب صدر تھی، روزانہ دفتر میں پابندی کے ساتھ آتی تھی ، ایک لیڈر نے مجھ سے کہاکہ پریہ اس طرح آپ کا کچھ نہیں ہونے والا، آپ کون سے پارٹی لیڈران کو جانتی ہو، میں نے کہاکہ سبھی کے ساتھ جان پہچان ہے، پھر مجھے اس نے تین لیڈران کے نام بتائے کہ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرو، اس کے ساتھ آپ کو جسمانی تعلقات قائم کرنے ہوں گے، تو آپ کو پارٹی کے اندر اچھا عہدہ ملے گا، میں نے غصہ میں آکر اس سے کہاکہ میں اپنی عزت کا سودا ہرگز نہیں کرسکتی، میں نے کئی مرتبہ یہ بات لیڈران کی نوٹس میں لانا چاہی مگر کسی نے سننے نہ دی، اسی وجہ سے مہلا مورچہ کی دوبارہ سے تشکیل نو جب ہوئی تو انہیں باہر ہی نکال دیاگیا۔
پریہ نے کہا ”اگر میں آج کے دن نہیں بولتی تو کبھی بھی اپنی آواز اعلیٰ حکام تک نہیں پہنچا سکتی“انہوں نے کہاکہ میری وزیر اعظم ہند نریندر مودی ، جوکہ ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں، ان کے تحفظ کے دعوے کرتے ہیں،سے اپیل ہے کہ وہ مجھے انصاف دلائیں اور پارٹی کے خاطی لیڈران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پریہ جرال نے کہاکہ اگر نریندر مودی سے انہیں ملنے کا موقع ملے تو وہ پوری داستان انہیں سنائیں گیں کہ جموں وکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے اندر کیا چل رہاہے۔انہوں نے کہاکہ اب بہت ساری خواتین بولیں گیں ، جن کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔جب پوری حقیقت سامنے آئے گی کوئی بھی شخص اپنی بہن، بیوی، کو بھاجپا کی کسی بھی میٹنگ میں بھیجنا پسند نہیں کریگا۔
پریہ جرال نے انٹرویو کے دوران دو تین سنیئربھاجپا لیڈران کا نام بھی لیا۔ دریں اثنامہلا مورچہ کی ریاستی صدر رجنی سیٹھی نے پریہ جرال کے اس بیان کی مذمت کرتے انہیں بے بنیاد قرار دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو پیش کیوں نہیں کئے، شردھانجلی سبھا کے دوران یہ معاملہ اٹھانا شرم کی بات ہے، وہ سولہ برس سے پارٹی کے ساتھ ہیں، کبھی کوئی ایسا واقعہ ان کے ساتھ پیش نہ آیا ہے۔
Comments are closed.