حاجن ،پلوامہ: شمال وجنوب میں جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران پرے محلہ حاجن بانڈی پورہ میں جمعرات کی صبح اُس وقت جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا جب یہاں تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا گیا .
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کی صبح فوج وفورسز نے پرے محلہ حاجن میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ،جس دوران تلاشی کارروائی پر مامور فورسز اہلکاروں پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی.
جوابی کارروائی میں فورسز نے فائرنگ کی ،جس کے ساتھ ہی یہاں طرفین کے مابین جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا .علاقے کا محاصرہ وسیع کیا گیا ہے جبکہ جنگجوئوں کے فرار ہونے کے راستے سیل کئے گئے .یہاں آپریشن جاری ہے .
معلوم ہوا ہے کہ پرے محلہ حاجن میں دو سے تین جنگجو محاصرے میں پھنسے ہوئے ہیں .پولیس کے اعلیٰ حکام نے جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کی تصدیق کی ہے .
ادھر اطلاعات کے مطابق مرن پلوامہ میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں فوج وفورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا .
ذرائع کے مطابق جنگجو مخالف آپریشن کے دوران نوجوانوں نے جمعرات کی صبح سڑکوں پر نکل کر محاصرہ مخالف مظاہرہ کرتے ہوئے فورسز اہلکاروں پر خشت باری کی ،جوابی کارروائی میں فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کی .
Comments are closed.