پاکستان کا گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اٹھانے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا معاملہ اقوام متحدہ (یو این) اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں اٹھایا جائے گا۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ توہین مذہب جیسے معاملات پر او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے جیسے واقعات کا رونما ہونا پوری مسلم دنیا کی ناکامی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سمیت دیگر توہین مذہب اور توہین رسالت کے معاملات پر عالمی سطح پر کوششیں کی جائیں گی، جن میں او آئی سی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یورپ کے 4 ممالک میں ہولو کاسٹ کے حوالے سے نازیبا بات کرنے کے خلاف سزائے موت دی جاتی ہے، کیوں کہ ان کے خیال میں ہولوکاسٹ کے حوالے سے نازیبا بات کرنے سے یہودیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

عمران خان کے مطابق جس طرح ہولو کاسٹ کے خلاف بات کرنے سے یہودیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، اسی طرح توہین مذہب اور توہین رسالت سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

اس موقع پر عمران خان نے اپنے خطاب میں احتساب کا نیا کلچر متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو احتساب کے لیے قومی اسمبلی سمیت سینیٹ میں بھی پیش کرتے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا قرض 28 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے اور عوام ٹیکس دینے سے زیادہ چندہ دینے کو ترجیح دیتے ہیں۔ عمران خان کے مطابق حکومت کا خرچہ کم کرکے ملک کو معاشی طور پر کھڑا کیا جائے گا۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرار داد منظور
سینیٹ کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

مذمتی قرارداد قائد ایوان شبلی فراز نے قرارداد پیش کی۔

Comments are closed.