امید ہے کہ عمران خان جناح کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے:میرواعظ

سرینگر:: حریت’ع‘ چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عمران خان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر اپنی اور کشمیری عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اس عظیم اور سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم پاکستان کا خواب دیکھا تھا عمران خان اُس خواب کی تعبیر کو عملی شکل دیں گے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں میرواعظ نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کا جو نعرہ بلند کیا ہے وہ ان کے پختہ عزم اور حوصلے کو ظاہر کرتا ہے اور وہ پاکستان کو عالم اسلام کا ترجمان اور سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے ایک مستحکم ملک بنانے میں اپنی صلاحیتوںکو بروئے کار لائیں گے ۔

میرواعظ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کے ایک وکیل اور کشمیریوں کے محسن ملک کی حیثیت سے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے اور امید ہے کہ جناب عمران خان اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنی بھر پور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی اور سیاسی استحکام کے متمنی رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جارہی مثبت کوششوں کیلئے اس کے شکر گذار ہیں۔
دریں اثنا حریت ترجمان نے حول پلوامہ میں بھارتی فوج کی جانب سے گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں کرنے جس کے نتیجے میں ایک 47 سالہ عورت جانہ بیگم شدید دہشت زدہ ہو گئی اور بعد میں اسی عالم میں ہسپتال میں جاں بحق ہوئی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ اس پورے علاقے میں فوج گھروں میں گھس کر اسباب خانہ کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کو ہراساں و پریشان کررہی ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نہتے لوگوں کے تئیں بھارتی فوج کا یہ جارحانہ طرز عمل کھلی سرکاری دہشت گردی ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے ۔
ترجمان نے بھارت کی ریاست کیرل میں آئے تباہ کن سیلاب جس کے نتیجے میں۰۰۳ سے زائد قیمتی جانیں تلف اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے لوگوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔
ترجمان نے سیلاب کے نتیجے میں ہوئے شدید جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

Comments are closed.