کپوارہ:تین سالہ بچی کو مبینہ طور اغوا کرنے کی کوشش ،غیر ریاستی بچولیہ گرفتار

کپوارہ:درگمولہ کپوارہ میں منگل کے روز اُ سوقت ایک غیر ریاستی بچولیہ کو پولیس نے گرفتار کیا جب مبینہ طور پر وہ تین سالہ معصوم بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا ،جسے مقامی لوگوں نے ناکام بنا دیا ۔

رپورٹس کے مطابق ایک غیر ریاستی بچولیہ ،جو بیڈ شیٹ اور دیگر کپڑے کے مصنوعات فروخت کرتا ہے ،محمد شفیع لون ساکنہ ماربل کالونی درگمولہ کپوارہ کے گھر میں داخل ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ گھر کے صحن میں مذکورہ شہری کی تین سالہ بچی آرفیہ کھیل کود میں مصروف تھی اور غیر ریاستی بچولیہ نے اُسے بقول اہلخانہ اغوا کرکے وہاں سے فرار ہوگیا ۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ بچے کی رونے اور چیخ وپکار سے اُسکی ماں کی توجہ اُس پر پڑی ،جس نے آس پڑوس سے مدد طلب کی ،مقامی لوگوں نے غیر ریاستی بچولیہ کا تعاقب کیا اور کچھ دوری پر مبینہ اغواکار کو بچی سمیت دھر دبوچ لیا ۔

اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا ،اور متعلقہ تھانے سے فوری طور پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچی ،جس نے غیر ریاستی بچولیہ اور مبینہ اغوا کار کو حراست میں لیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مبینہ اغوا کار نے اُن کے سامنے انکشاف کیا کہ وہ پورا ایک گروہ ہے اوراس کے گروہ میں چار دیگر افراد بھی ہیں ۔

مبینہ اغوا کاری معاملے پر مقامی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر صدائے احتجاج بلند کی ۔انہوں نے ملوثین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ۔پولیس افسر نے بتایا کہ مبینہ اغوا کار پولیس حراست میں ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔

پولیس افسر نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے بعض الزامات عائد کئے ہیں ،جنکی تحقیقات کے بعد صداقت سامنے آئےگی ۔

Comments are closed.