سرینگر:: موسلادھار اور شدید بارشوں کے نتیجے میں سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ڈگڈول ،خونی نالہ اور ادھمپور کے مقامات پر چٹانیں کھسکنے ،پسیاں گرآنے اور زمین دھنسنے کے نتیجے میں ٹریفک کی آوا جاہی متاثر ہوئی ۔شاہراہ پر دونوں اطراف سے سینکڑوں مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ اتوار اور پیر کے روز ہوئی شدید بارشوں کے نتیجے میں پیر پنچال خطے میں کئی مقامات پر چٹانیں کھسکنے ،پسیاں گرآنے اور زمین دھنسنے کے باعث سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی دونوں اطراف سے متاثر ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ پیر پنچال پہاڑی سلسلے سے گزر رہی سرینگر ،جموں شاہراہ پر رام بن اور ادھمپور میں کئی مقامات پر چٹانیں کھسکنے ،پسیاں گرآنے اور زمین دھنسنے سے ٹریفک کی نقل وحرکت مسدود ہو کر رہ گئی۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات اور مسافروں کے جان ومال کی حفاظت کی خاطر سرینگر ۔جموں شاہراہ ٹریفک کی آوا جاہی کےلئے عارضی طور پر بند کردی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ کے کئی مقامات پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آئیں ،جسکی وجہ سے شاہراہ آمد ورفت کی قابل نہیں رہی ۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بیکن عملہ نے شاہراہ پر رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کردیا ہے ،تاہم موسم کی خرابی کے باعث اُنہیں مشکلات درپیش ہے ،جسکی وجہ سے کلیئرنس عمل میں تاخیر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی رکاوٹیں ہٹانے کے عمل میں تیزی لائی جائیگی اور افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری کو بھی بروئے کار لایا جائیگا ۔
یاد رہے کہ پیر کو سرینگر ۔جموں شاہراہ پر 9گھنٹوں کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی تھی ،جب یہاں بارشوں سے ایسی ہی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔300کلو میٹر لمبی سرینگر ۔جموں شاہراہ پر زیادہ تر پسیاں اور چٹانیں کھسکنے کے واقعات رام بن کے حدود میں پیش آتے ہیں ۔
شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی رکنے سے ٹنل کے آر پار سینکڑوں مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں ،جسکی وجہ سے ان گاڑیوں میں سوار مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔اس دوران شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کےلئے ایڈوائزی جاری کی گئی ۔ان سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل سرینگر اور جموں میں قائم ٹریفک پولیس کنٹرول رومز کے ساتھ رابط قائم کریں ۔
Comments are closed.