سری نگر ( کےپی ایس) : جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے بتہ مالو علاقہ میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین اہلکار شامل ہیں۔ طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کے دوران ہوا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق علاقہ میں موجود جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ مفرور جنگجوؤں میں سے ایک کو گولی لگی ہوئی ہے۔ ریاستی پولیس کا دعویٰ ہے کہ جنگجوؤں کے دو ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ضلع سری نگر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ ریاستی پولیس نے مہلوک ایس او جی اہلکار کی شناخت سلیکشن گریڈکانسٹیبل پرویز احمد کی حیثیت سے کی ہے۔وہ ضلع راجوری کے بدھل نامی علاقہ کا رہنے والا تھا۔
ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’ہم بتہ مالو میں شہید ہونے والے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل پرویز احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم اس نازک مرحلے پر پرویز احمد کے کنبے کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا ’بتہ مالو میں جاری آپریشن کے دوران جنگجوؤں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا گیا ہے۔ دو ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تلاشی آپریشن جاری ہے‘۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ’بتہ مالو سری نگر میں ایک ٹھکانے پر جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ اس میں ایس او جی کا ایک اہلکار ازجان جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اور سی آر پی ایف کے دو جوان زخمی ہوئے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.