پاکستان کے صدر ممنون حسین کا دورۂ آئر لینڈ منسوخ

اسلام آباد، 11 اگست: پاکستان کے صدر ممنون حسین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے ملک کے 21 ویں وزیر اعظم کے طور پرحلف برداری کی تقریب کے پیش نظر اپنا آئر لینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔’ ڈان ‘نے صدر دفتر کے حوالہ سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔
ذرائع نےبتایا کہ صدر مملکت کو آئرلینڈ میں کالج آف فزیشن میں تقسیم اسناد کے سلسلے میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہیں خود بھی اعزازی ڈگری سے نوازاجانا تھا۔
تاہم نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی درخواست پر صدرمملکت نے اپنا دورہ منسوخ کردیا، اس سلسلے میں نگراں اطلاعات و قانون بیرسٹرعلی ظفر نے صدر سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیر اعظم کی ارسال کردہ خلاصہ پر صدر مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرچکے ہیں۔
اس سے قبل اطلاعات یہ تھیں کہ خود عمران خان یومِ آزادی کے موقع پر حلف اٹھانےکے خواہشمند ہیں، تاہم کچھ قانونی پیچیدگیوں کے سبب اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کے پیش نظر یہ ممکن نہ ہوسکا۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نعیم الحق نے بھی وزارت عظمیٰ کے حلف کے پیش نظر صدرممنون حسین سے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی، اور جو 19 اگست کو اختتام پذیر ہوناتھا۔
یو این آئی

Comments are closed.