سوپور معرکہ آرائی اختتام پذیر،2 جنگجو جاں بحق ،فوجی اور پولیس اہلکار زخمی

ضلعے میں تعلیمی ادارے بند ،موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع

سوپور (کے پی ایس):شمالی قصبہ سوپور کے مضافاتی علاقہ درسو وترگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں اورفورسز کے مابین خونین معرکہ آرائی اختتام پذیر ہوئی .اس جھڑپ میں 2 جنگجو جاں بحق اور فوجی وپولیس اہلکار زخمی ہوا .

رپورٹس کے مطابق علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج وفورسز اہلکاروں نے گائوں کا محاصرہ کیا ،جس دوران یہاں موجود جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کی اطلاع ہے .

ذرائع کا کہنا ہے فوج وفورسز نے مشترکہ طور پر جمعرات کی شب کو ہی گائوں کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کیا تھا جبکہ رات بھر یہ آپریشن جمعہ تک کےلئے ملتوی کیا گیا .

ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح یہ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا ،جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلہ شروع ہوا ،جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری ہے.

معلوم ہوا ہے کہ طرفین کے مابین ساڑھے 9 بجے گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جسکے نتیجے میں فوجی اور پولیس اہلکار زخمی ہوا ،جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا .

ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے بتایا کہ درسو وترگام سوپور میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا گیا .

انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں نے ایک مکان میں پناہ لی تھی .انہوں نے کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی اور جوابی کارروائی میں جس میں دو جنگجو جاں بحق ہو ئے جبکہ اس معرکہ آرائی کے دوران فوجی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے .

جاں بحق جنگجوئوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی .معلوم ہوا ہے کہ معرکہ آرائی کے دوران کئی رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا.

ادھر غیر مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی محاصر میں دو تین روز قبل جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا انجینئر نگ طالب علم بھی شامل ہے .تاہم اسکی مصدقہ ذرائع نے تصدیق نہیں کی .

ضلعے بارہمولہ میں احتجاجی مظاہروں کے خد شات کے پیش نظر موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع کردئے گئے جبکہ تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا .

قصبے میں پتھرائو کے معمولی واقعات کی اطلاعات ہے جبکہ یہاں دکانات ،کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند ہے .

یاد رہے کہ جمعرات کو خمریال کپوارہ میں دو مقامی حزب المجاہدین جنگجو جاں بحق ہوئے تھے .جاں بحق جنگجوئوں کی یاد میں کپوارہ میں بند رہا جبکہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر ضلعے بھر میں تعلیمی ادارے مقفل رکھے گئے . (کے پی ایس)

Comments are closed.