لندن،یکم اگست (رائٹر) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ بین الاقوامی جوہری معاہدہ سے الگ ہو کر امریکہ نے ہی بات چیت ختم کی ہے جس کے لئے اس کوخود کو قصوروار ٹھہرایاجانا چاہئے۔
مسٹر ظریف نے ٹویٹ کیا، "بین الاقوامی جوہری معاہدے سے الگ ہو کر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ختم کرنے کے لئے امریکہ صرف خود کو ہی مجرم ٹھہرا سکتا ہے‘‘۔
اس سے پہلے پیر کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بغیر کسی شرط پر ایران کے صدر حسن روحانی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کے الگ ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بات چیت کرنے کے لئے وہ بغیر کسی شرط کے ایران کے رہنما سے ملنے کے لئے تیار ہیں۔
امریکی صدر نے اٹلی کے وزیر اعظم کے ساتھ پیر کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا،”اگر وہ ملنا چاہتے ہیں تو میں ضرور ایران کے رہنما سے ملوں گا. مجھے نہیں پتہ کہ وہ اب بھی تیار ہیں۔ میں نے ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کو الگ کیا۔ وہ ایک مضحکہ خیز معاہدہ تھا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ شاید ملنا چاہتے ہیں اور میں کسی بھی وقت ملنے کے لئے تیار ہوں‘‘۔
Comments are closed.