برزلہ سرینگر کے جنگجو کے باقیات آج لواحقین کے سپرد کئے جائیں گے

علاقے میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کا خدشہ،سیکورٹی کے کڑے انتظامات

سرینگر :(کے پی ایس ):: قریب ایک ماہ کے بعد کپوارہ کے جنگلات میں معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے برزلہ سرینگر کے جنگجو کے باقیات آج لواحقین کے سپرد کئے جائیں گے جبکہ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ۔

ادھر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خد شات کے پیش نظر برزلہ سے لیکر حیدر پورہ تک پولیس وفورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ۔ برزلہ سرینگر کے جنگجو مدثر احمد بٹ کے ڈی این اے نمونے اُسکے والد کے ساتھ مل گئے ،جس کے بعد انتظامیہ نے قواعد وضوابط کے تحت مذکورہ جنگجو کے باقیات لواحقین کے سپرد کرنے کا فیصلہ لیا ۔حکام کے میت مدثر احمد بٹ کی میت کو ایک ماہ بعد لواحقین کے سپرد کی جائیگی ۔

یاد رہے کہ29جون کو فوج نے ترہگام کپوارہ میں ایک معرکہ آرائی کے دوران عدم شناخت جنگجو کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ۔مذکورہ جنگجو کو این کے گلی جمہ گنڈ کپوارہ کے جنگلات میں ہی دفن کیا گیا ۔تاہم ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اسی دن ایک خط جاں بحق نوجوان کے لواحقین کو سونپ دیا ،جس میں یہ تحریر تھی کہ کپوارہ انکاﺅنٹر میں مدثر اھمد بٹ عرف ابو عبداللہ جاں بحق ہو گئے ۔

اس کے بعد مذکورہ جنگجو نوجوان کے اہلخانہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ایک درخواست دی جس میں انہوں نے قبر کشائی کا مطالبہ کیا اور جنگجو نوجوان کی نعش کے سپرد کرنے کےلئے کہا ۔اس کے بعد ڈی این اے نمونے اہلخانہ سے لئے گئے۔قابل ذکر ہے کہ کرالہ پورہ پولیس اسٹیشن میں مدثر کے والد غلام محمد بٹ نے اپنے بیٹے کی شناخت تصویر سے کی ،جو یہاں چسپاں تھی ۔

گزشتہ ہفتہ بدھ کے روز عدالت عالیہ نے انتظامیہ کو ہدایت دی تھی ایک ہفتے میں مذکورہ معاملے کی نسبت اور ڈی این اے کی جانچ کے بارے میں عدالت میں رپورٹ جمع کی جائے ۔غلام محمد بٹ ساکنہ برزلہ نے اپنے بیٹے کی میت واپس کرنے کےلئے قبرکشائی کا مطالبہ کیا تھا ،تاکہ وہ اپنے بیٹے کے آخری رسومات انجام دے سکے ۔

اس عرصے کے دوران مدثر کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے کئی مرتبہ سڑکوں پر نکل کر صدائے احتجاج بھی بلند کی ۔وہ مدثر کی میت واپس کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ،جس دوران اُنہیں پولیس ایکشن کا سامنا بھی کرنا پڑ ا تھا ۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ ڈی این اے کے نمونے میل ملنا کے ساتھ ہی نعش کو اہلخانہ کے سپرد کی جائیگی ۔دریں اثناءبرزلہ اور اسکے گرد ونواح میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ۔ (کے پی ایس )

Comments are closed.